سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ خلیج تعاون کونسل کے خطے میں اس وقت 55 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جو نہ صرف وہاں کی معیشت کا حصہ ہیں بلکہ پاکستان کے لئے بھی معاشی لحاظ سے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
وہ پاکستان قونصلیت جنرل جدہ صحافیوں سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر قونصل جنرل پاکستان خالد مجید اور پریس قونصلر محمد عرفان بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی عرب کے بڑے تعمیراتی اور ترقیاتی منصوبوں میں زیادہ تر پاکستانی کارکنان شامل ہیں، جو اپنی محنت اور صلاحیتوں سے وہاں کے انفراسٹرکچر میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں حالیہ برسوں میں کئی مثبت تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، جن سے پاکستانیوں کے لیے مزید مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ ان تبدیلیوں میں مزدوروں کے حقوق کا تحفظ، ویزا پالیسی میں نرمی، اور ہنرمند افراد کے لئے نئے روزگار کے مواقع شامل ہیں ۔ احمد فاروق نے اس بات پر زور دیا کہ بیرونِ ملک روزگار کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ہمیں ہنر اور مہارت کے فروغ پر توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ’عالمی منڈی میں مقابلہ بڑھ رہا ہے۔ اگر پاکستانی نوجوان جدید تقاضوں کے مطابق ہنرمند بنیں تو وہ نہ صرف اپنی زندگی بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ ملک کے لیے بھی قیمتی سرمایہ ثابت ہوں گے۔‘
















