Advertisement

پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر ایشیا کپ انڈر 19کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

میچ ہو پاکستان اور انڈین کرکٹ ٹیموں کا تو گزشتہ ریکارڈ دیکھتے ہوئے اکثر پاکستانیوں کے دل کو ایک دھڑکا سا ہی لگا رہتا ہے کہ نجانے آج کیا ہو گا مگر اتوار کے روز معاملات مختلف دیکھائی دیے۔
دبئی میں ایشین کرکٹ کونسل انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے انڈیا کو انتہائی شاندار پرفارمنس کے بعد 191 رنز سے شکست دے دی۔
انڈیا نے اس فائنل میچ میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کے لیے یہ فیصلہ اس صورت میں بہتر ثابت ہوا کہ اس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انڈیا کو جیتنے کے لیے 348 رنز کا بڑا ہدف دے دیا۔
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر سمیر منہاس نے انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 17 چوکے اور نو چھکوں کی مدد سے 113 گیندوں پر 172 رنز کی اننگز کھیلی۔
سمیر منہاس نے اپنی سنچری محض 71 گیندوں پر بنائی۔
واضح رہے کہ پاکستانی اوپنر سمیر منہاس اس ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر بھی رہے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے سمیر کے علاوہ سب سے زیادہ سکور احمد حسین نے 72 گیندوں پر 56 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18رنز بنائے۔ محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 31 رنز کے مجموعی سکور پر چوتھے اوور میں گری جب اوپنر حمزہ ظہور ہنیل پٹیل کے ہاتھوں صرف 18 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد پاکستانی اوپنر سمیر منہاس کا ساتھ دینے کے لیے عثمان خان کریز پر آئے اور ایک اینڈ کو 17ویں اوور تک سنبھالے رکھا تاہم اسی دوران دوسرے اینڈ سے سمیر منہاس نے اپنا جارہانہ کھیل جاری رکھا۔
17ویں اوور میں عثمان کو کھیلان پٹیل نے آوٹ کر دیا۔ انڈیا کی جانب سے دپیش دیوندرن نے تین، کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان 2 بار آئی سی سی انڈر 19ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت چکا ہے لیکن اب تک انڈر 19 ایشیا کپ کا فاتح نہیں بنا تھا۔

لمبی اننگز کھیلنے کے شوقین سمیر منہاس کون ہیں؟

پاکستان نے انڈیا کو شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا مگر اس میچ میں پاکستان کے پہاڑ جیسے سکور کے پیچھے جس نوجوان کا ہاتھ تھا، اسے لمبی اننگز کھیلنے کا بہت شوق ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب سمیر منہاس نے ایک بڑی اننگز کھیل کر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا ہو۔ اسی ایونٹ کے مجموعی طور پر دوسرے اور پاکستان پہلے میچ میں انھوں نے ملائیشیا کے خلاف 177 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔
ملائیشیا کے خلاف اننگز میں انھوں نے 11 چوکے اور 8 چھکے مارے تھے۔
صرف 19 سال اور 19 دن کی عمر میں دو بڑی اننگز کھیلنے والے سمیر منہاس دو دسمبر سنہ 2006 کو ملتان میں پیدا ہوئے۔ دائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جس میں پہلے ہی سے ایک اور انٹرنیشنل کرکٹر موجود ہے۔
وہ پاکستان کی چار ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں نمائندگی کرنے والے عرفات منہاس کے چھوٹے بھائی ہیں، جنھوں نے 2023 اور 2024 میں ہانگ کانگ، افغانستان، بنگلا دیش اور زمبابوے کے خلاف گرین شرٹس کی نمائندگی کی۔
سمیر منہاس ان نوجوان کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاتھ وے سسٹم سے سامنے آئے ہیں۔ پاکستان انڈر 19 کی نمائندگی کرنے سے پہلے وہ ملتان ریجن انڈر 13، سدرن پنجاب انڈر 16، ملتان انڈر 19 اور ملتان ریجن انڈر 19 کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
گزشتہ ماہ تک پاکستان کرکٹ بورڈ کے یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے سربراہ کے طور پر کام کرنے والے سابق کپتان اظہر علی نے سمیر منہاس کو مستقبل کے لیے ایک اچھا آپشن قرار دیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا جب انھوں نے پہلی مرتبہ سمیر منہاس کو رواں سال کراچی کے تربیتی کیمپ میں دیکھا تھا، تب ہی نوجوان کرکٹر نے انھیں متاثر کیا تھا۔
’اس کی کریز پر کھڑے ہونے کی تکنیک بہت اچھی لگی تھی اور شاٹ سلیکشن بھی، اگر اس پر محنت کی جائے تو پاکستان کے لیے مستقبل میں بھی اچھا کھلاڑی ثابت ہوسکتا ہے۔‘
’چار مہینے پہلے تربیتی کیمپ میں سمیر منہاس نے بڑی محنت کی جس کا نتیجہ آج سب کے سامنے ہے۔ وہ نہ صرف ایک اچھے ٹاپ آرڈر بلے باز ہیں بلکہ بہترین فیلڈر بھی ہیں جو مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔‘
اظہرعلی کا کہنا تھا کہ ’ایشیا کپ میں دو سنچریاں بنانے والے سمیر ڈومیسٹک انڈر19 ایونٹ میں بھی ٹاپ سکورر رہے، جہاں انھوں نے دو سنچریاں سکور کر کے اپنی فارم سے سلیکٹرز کو متوجہ کیا تھا۔‘
ان کے مطابق ملائشیا انڈر 19 کے خلاف سمیر منہاس کی سنچری کو بھلایا نہیں جا سکتا جبکہ انڈیا کے خلاف ناک آؤٹ مرحلے میں ان کی جارحانہ اور ذمہ دارانہ بلے بازی ان کے ٹیلنٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور اپنی تحریر، تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ bisaat.mag@gmail.com پر ای میل کردیجیے۔
error: