33 برس قبل سنگاپور ائرپورٹ پر میں پہلی بار اترا تو اس وقت بھی اس کا شمار دنیا کے خوب صورت ترین ہوائی اڈوں میں ہوتا تھا۔ ائرپورٹ کے 20 سے زیادہ گیٹوں کے ساتھ شیشوں میں رنگ برنگی مچھلیاں تیر رہی تھیں۔ میں نے زندگی میں اس قدر رنگ ایک ساتھ کبھی نہیں دیکھے تھے۔ مختلف شکلوں اور اقسام کی سمندری مخلوقات کا ایک سیلاب یہاں موجود تھا۔ ائرپورٹ کے اندر رات کے اندھیرے میں روشنیوں کا طوفان ہمارا منتظر تھا۔ دوسری خاص بات یہاں کا نظم و ضبط اور دوستانہ ماحول جہاں ہر کام نہایت تیز رفتاری سے ہو رہا تھا۔
اس ائرپورٹ کا آغاز 1981 میں ہوا اور اس کا نام چانگی Changi رکھا گیا جس کا مطلب چینی زبان میں بلند درخت Tall Tree ہے۔ سنگاپور ائرپورٹ سے دنیا کے 100 ملکوں کی پروازیں اڑان بھرتی ہیں۔ اس پر 4 ٹرمینل ہیں اور 30 سے زائد ہینگر موجود ہیں۔ ٹرمینل 1 ۔ 2 ۔ 3 کے درمیان SKY TRAIN چلتی ہے جو فری ہے۔ ان 3 ٹرمینلز سے آپ ائرپورٹ کا مکمل نظارہ بھی کر سکتے ہیں۔ یہاں پر اکثر آپ کو Ok la کا لفظ سننے کو ملے گا جس کا مطلب “ٹھیک ہے”۔ ہیلو کی جگہ پر چینی لوگ ایک دوسرے کو کہتے ہیں “Ni hao”۔ یہ سنگاپور میں عام استعمال ہونے والے الفاظ ہیں۔
اب سنگاپور ائرپورٹ کو سیاحوں کے لئے سیر سپاٹے کا بڑا مرکز بنا دیا گیا ہے۔ اگر آپ کے پاس پروازوں کے دوران چند گھنٹے کا وقفہ ہے تو ائرپورٹ کے اندر دس مختلف پر کشش تفریحی مقامات بغیر کسی خرچ کے موجود ہیں۔ ان میں ہر عمر اور ہر مزاج کے لوگوں کی دلچسپی کا سامان مہیا کیا گیا ہے۔ ائرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لئے دیگر سہولیات اس کے علاوہ ہیں۔ آئیے آپ کو ان خوب صورت مقامات کی سیر کراتے ہیں جن کی کوئی فیس ادا نہیں کرنی پڑتی۔
دنیا کا سب سے بڑا ان ڈور آبشار Water Fall
ائرپورٹ کے اندر ایک Forest Valley بنائی گئی ہے جس کے وسط میں یہ بلند و بالا آبشار سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز ہے۔ مختلف جگہوں سے اس کا نظارہ کیا جا سکتا ہے۔ اس کو HSBC بینک نے بنایا ہے۔
Kinetic Rain
اس جگہ پر ایک ہزار تانبے کے ٹکروں کی بارش ہوتی ہے اور ان سے مختلف شکلیں بنتی رہتی ہیں۔ کبھی ہوائی جہاز بن جاتا ہے کبھی یہ خوب صورت پتنگ کی صورت اختیار کر لیتے ہیں اور پل بھر میں Chinese Dragon بن جاتے ہیں۔بچے اور بڑے سب ان کو دیکھ کر خوش ہوتے ہیں۔
Forest Valley & Canopy Park
ائرپورٹ کے اندر واقع یہ صرف ایک پارک ہی نہیں بلکہ سرسبز پودوں کے درمیان Theme Park بھی بنایا گیا ہے۔ اس میں آپ Skynet میں چل کر لطف اندوز ہو سکتے ہیں اور Canopy Bridge کی سیر بھی کر سکتے ہیں۔ اس میں گھومنے کے بعد آپ تازہ دم ہو جائیں گے۔
Light and Sound Show at Rain Vortex
اب آپ رنگ اور نور کی دنیا میں داخل ہو جائیں۔ رات ہوتے ہی آبشار رنگ برنگ ہو جاتا ہے اور ہر لمحہ ایک نیا رنگ آپ کی نظروں کے سامنے آئے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ موسیقی آپ کے کانوں میں رس گھولے گی۔ آپ کو یہاں وقت کے گزرنے کا احساس ہی نہیں ہو گا۔۔۔۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ کی فلائٹ ہی نکل جائے۔
Sunflower Garden
کیا آپ کے علم میں ہے کہ ائرپورٹ کے اندر سورج مکھی کا باغ بھی ہے۔ یہ Transit Level 3 میں واقع ہے۔ اس میں آپ کو تازہ ہوا کے جھونکے ملیں گے اور سورج مکھی کی مختلف اقسام بھی موجود ہیں۔ سورج کی روشنی کے ساتھ پھول اپنا رخ تبدیل کر لیتے ہیں۔ یہاں قدرت کے بہترین نظارے کرنے کو ملتے ہیں۔
Roof Top Swimming Pool
ائرپورٹ کی چھت پر فری تیراکی کے لئے موجود ہے۔ اگر آپ ورزش کے موڈ میں ہیں تو پانی میں غوطے لگا کر تازہ دم ہو جائیں۔ یہاں سے شہر کی بلند و بالا بلڈنگوں کے نظارے بھی کئے جا سکتے ہیں۔ کیا آپ کو دنیا کے کسی ائرپورٹ کا پتہ ہے جس کے اندر ایسی تفریح پائی جاتی ہے۔
Free Message Chairs
اگر آپ کی ٹانگیں اور پاؤں تھکن محسوس کر رہے ہیں تو مساج کی کرسیوں پر بیٹھ جائیں۔ آپ کو سکون ملنا شروع ہو جائے گا۔ لمبے سفر کرنے والے مسافروں کے لئے بہت کام کی چیز ہے۔ بڑی عمر کے لوگ خاص طور پر اس فری سروس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
Changi Museum
تاریخ سے دلچسپی رکھنے والوں کے لئے ائرپورٹ پر میوزیم بھی بنایا گیا ہے۔ اس میں سنگاپور کی تاریخ کو تصاویر اور مجسموں کے ذریعے پیش کیا گیا ہے۔ دوسری جنگ عظیم کے دوران سنگاپور پر جاپان کا قبضہ ہو گیا تھا۔ اس وقت کے قیدیوں کی حالت بھی یہاں دکھائی گئی ہے جو تاریخ کا ایک افسوسناک باب ہے۔
Play Area For Children
بچوں کے لئے پلے ایریا موجود ہے جہاں پر وہ کھیل کود کر سکتے ہیں۔ طرح طرح کے خوب صورت جھولے ہیں جو سب فری ہیں۔ بچوں اور فیملی کے لئے اس جگہ میں خاص کشش پائی جاتی ہے۔
مسافروں کے لئے آرام دہ لائونج اور سونے کے لئے کرسیاں
ائرپورٹ پر آرام کرنے کے لئے خوب صورت لائونج بنائے گئے ہیں۔ جہاں پر Sleeping Pods موجود ہیں جن پر آپ آرام سے سو سکتے ہیں۔
ڈیوٹی فری شاپس پر خریداری
سنگاپور ائرپورٹ فیشن ایبل اشیا کی خریداری کا بڑا مرکز ہے۔ یہاں کی ڈیوٹی فری شاپس پر نئے ڈیزائن کی گھڑیاں ، جیولری ، کھلونے ، رنگ برنگے جوتے ، خواتین کے ہینڈ بیگ ، تحفہ دینے کی چیزیں مل جاتی ہیں۔ غیر مسلم سیاحوں کی دلچسپی کی خاص چیز شراب کی نت نئی اقسام اور بے شمار اشیا بازار سے کم قیمت پر مل سکتی ہیں۔ جدید برانڈز کی قیمتی اشیا بھی ان دکانوں پر مل جاتی ہیں۔ بس یہ خیال رکھیں کہ آپ کی جیب بالکل ہی نہ خالی ہو جائے۔ شیشوں میں لگی چیزیں دیکھ کر انسان کا دل مچلنے لگتا ہے۔ جب میں سنگاپور پہنچا تو میری جب میں کچھ خریدنے کے لئے پیسے ہی نہیں تھے اور ایک سال بعد جب فیملی کے ساتھ واپس آ رہا تھا تو ہمارے پاس پہلے ہی سامان مقررہ وزن سے زیادہ ہو چکا تھا اس لئے دونوں مرتبہ ائرپورٹ پر خریداری کا چانس ہی نہیں بنا۔ میں نے دنیا کے 20 ملک دیکھے ہیں لیکن ابھی تک بر اعظم آسٹریلیا جانے کا موقع نہیں ملا۔ اگر زندگی کے آخری حصے میں وہاں گیا تو راستے میں سنگاپور ائرپورٹ پر شاپنگ ضرور کروں گا۔
سنگاپور کے دیگر ائرپورٹ
کل 9 ائرپورٹ یہاں بنائے گئے ہیں جن میں سے دو عام مسافروں کے لئے ہیں اور 7 فوجی جیٹ طیاروں کے لئے ہیں۔ ان میں Paya Lebar ، Sembawang ، Tengah ، پلو Sudong اور Changi Military ائرپورٹ شامل ہیں۔
Paya Lebar Airport
سنگاپور بننے کے وقت 1965 میں یہ یہاں کا واحد ائرپورٹ تھا۔ سنگاپور میں سیاحت کے فروغ کے ساتھ مسافروں کی تعداد میں ایک دم اضافہ ہوا اور نئے ائرپورٹ کی ضرورت پڑ گئی۔ لہذا جزیرے کے ایک سائڈ پر اس کے لئے جگہ مخصوص کی گئی۔ 1981 میں نیا ائرپورٹ بن گیا تو پایا لیبر کو جیٹ طیاروں کے لئے مختص کر دیا گیا۔ اس کی تعمیر کا آغاز 100 برس قبل ہوا تھا اور یہ 1929 سے رویال برٹش ائرفورس کے استعمال میں رہا ہے۔ 1930 میں اس پر پہلی کمرشل فلائٹ عام مسافروں کو لے کر اُتری۔ سنگاپور پر جاپانی قبضہ کے دور میں اس کی تعمیر نو کی گئی۔ 1945 میں جنگ عظیم کے خاتمے پر یہ پھر برطانیہ کی ائر فورس کے پاس چلا گیا۔ سنگاپور کی آزادی کے بعد 1970 میں دوبارہ اس پر عام پروازیں اُترنا شروع ہو گئیں۔ یہ سلسلہ دس سال تک جاری رہا اور 1981 میں چانگی ائرپورٹ بننے پر ایک بار پھر فوجی ائرپورٹ بن گیا۔
Seletar Airport
پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے یہ سنگاپور کا دوسرا ایئرپورٹ ہے۔ عام مسافروں کی کچھ پروازیں یہاں اُترتی ہیں۔ 116 ہیکٹر رقبے پر قائم اس ائرپورٹ سے ملائیشیا کے دارالحکومت اور دیگر شہروں کی پروازیں چلتی ہیں۔ اس کے ساتھ سیاحوں کیلئے چارٹر طیارے بھی چلائے جاتے ہیں۔ آپ اپنے جہاز پر جائیں تو یہاں پر اُتر سکتے ہیں۔
سنگاپور ائرپورٹ پر ٹرمینل 0 TERMINAL کہاں ہے
آپ حیران ہونگے کہ ائرپورٹ کے اندر کچھ فلائٹوں کے آگے ٹرمینل 0 لکھا ہوا ہے۔ جس فلائٹ کی آمد میں زیادہ ٹائم ہوتا ہے اور اس کا ٹرمینل ابھی طے نہیں ہو اس کے نام کے آگے ٹرمینل 0 لکھا ہوتا ہے۔ فلائٹ آنے سے کچھ گھنٹے پہلے ٹرمینل کا نام لکھا جاتا ہے۔