امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں چار روز قبل لگنے والی آگ پر اب بھی قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 11 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
متاثرہ علاقوں سے سامنے آنے والی تباہی کے مناظر پر تبصرہ کرتے ہوئے لاس اینجلس کاؤئنٹی کے شیرف رابرٹ لونا نے شہر کا موازنہ ایٹم بم کے بعد کی تباہی کے مناظر سے کیا۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ایسے لگ رہا ہے جیسے ان علاقوں پر کسی نے ایٹم بم گرایا ہو۔‘
خیال رہے کہ اب تک ان علاقوں میں رہنے والے ایک لاکھ 80 ہزار افراد کو نقل مکانی کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔
تازہ ترین صورتحال
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں اب تک 11 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ریاست کی اتھارٹی ’کیل فائر‘ کے مطابق اب بھی چھ مقامات پر لگنے والی آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔
سب سے بڑی آگ پیلیسیڈز کے علاقے میں لگی ہے، جس نے 21 ہزار 500 ایکڑ سے زیادہ کی زمین کو اپنی لپیٹ میں لیا اور اس پر اب تک صرف آٹھ فیصد قابو پایا جا سکا ہے۔
ایٹن کے علاقے میں لگنے والی آگ نے 14 ہزار ایکڑ سے زیادہ زمین کو متاثر کیا اور اب تک صرف تین فیصد پر قابو پایا گیا اور اب تک کم سے کم 1000 عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔
کینتھ میں لگنے والی آگ نے ایک ہزار ایکڑ کے علاقے کو متاثر کیا اور اس پر 50 فیصد قابو پایا گیا جبکہ ہرسٹ کے علاقے میں لگنے والی آگ نے 770 ایکڑ کے علاقے کو متاثر کیا اور اس پر 70 فیصد قابو پایا گیا ہے۔
لڈیا فائر جو لاس اینجلس کے شمالی پہاڑیوں پر لگی ہے، نے اب تک 395 ایکڑ کی زمین کو متاثر کیا اور اس پر تقریباً مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔
تازہ ترین آگ آرچر کے مقام پر جمعے کو لگی اور اب تک اس نے 19 ایکڑ زمین کو متاثر کیا ہے اور اس وقت یہ بے قابو ہے۔
کیلی ورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے پانی کی قلت کے باعث آگ بھجانے کے عمل میں مشکلات کی اطلاعات کے بعد اس حوالے سے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
’’میرا گھر اب بھی دہکتے انگاروں کا ڈھیر ہے‘‘
نقل مکانی کرنے والوں میں سے ایک کلائمیٹ رپورٹر لوسی شیرف بھی شامل تھیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ’لاس اینجلس کو ایک دوزخ نما مقام میں تبدیل ہوئے چار روز گزر چکے ہیں لیکن میرا گھر اب بھی دہکتے انگاروں کا ڈھیر ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’میں اب شہر کے شمال میں ایک علاقے میں اپنی دوست کے گھر پر موجود ہوں جو پیلیسڈز جہاں اب تک کی سب سے بڑی آگ لی ہے، سے 30 میل کے فاصلے پر ہے۔
’میں نے سوچا تھا کہ ہم یہاں محفوظ ہوں گے لیکن کیونکہ پورے شہر میں اب بھی چھ مقامات پر آگ لگی ہوئی جو پھیل رہی ہے اس لیے کوئی جگہ بھی محفوظ نہیں۔‘
ان کا مزید کہنا ہے کہ ’میں ایسے بہت سے لوگوں کو بھی جانتی ہوں جنھوں نے سوچا تھا کہ انھیں پناہ مل گئی لیکن انھیں دوبارہ نقل مکانی کرنی پڑی۔
’ہمیں اپنے بیگ پیک کر کے دروازے کے پاس رکھنے پڑے ہیں تاکہ اگر کوئی نئے احکامات آئیں تو ہم 48 گھنٹے میں دوسری مرتبہ نقل مکانی کر سکیں۔ جمعرات کو وہی ہوا جس کا ہمیں ڈر تھا، ہمیں فوری طور پر نقل مکانی کا حکم دیا گیا۔‘
وہ بتاتی ہیں کہ ’ہم گھبرا گئے اور گاڑیاں سامان سے بھرنے لگے، میں نے اب اپنی گاڑی میں ایندھن دیکھا، تو وہ کم تھا اور پھر مجھے اپنے پارٹنر کو ایندھن کی تلاش میں بھیجنا پڑا۔ اسے چار فیول سٹیشنز کے بعد آخر کار ایندھن مل سکا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’تاہم یہ الارم غلط ثابت ہوا۔ ایک ایسی غلطی جس نے امریکہ کے دوسرے سب سے بڑے شہر کو ہلا کر رکھ دیا، جو پہلے ہی مشکلات کا شکار تھا۔‘
’کلائمیٹ رپورٹر کے طور پر میں نے سنگین موسمی صورتحال پر رپورٹ کرنے کی عادی ہوں، کچھ روز پہلے تک میں مالیبو میں لگنے والی آگ کے باعث نقل مکانی کرنے والوں کا انٹرویو کر رہی تھی، اب میں کہانی کی دوسری طرف ہوں۔‘
وہ بتاتی ہیں کہ ’دو روز بعد جب ہمیں لوٹ مار کے بارے میں معلوم ہوا جو پیلیسیڈز میں ہو رہی تھی تو ہم نے سوچا کہ ہمیں واپس جا کر اپنے گھر کو دیکھنا چاہیے اور کچھ اہم اشیا اٹھا لینی چاہییں جیسے فوٹو گرافس، جرنلز اور خاندانی سونا۔
’جب ہمیں بدھ کی دوپہر میرے صحافی ہونے کے باعث واپس جانے کا موقع ملا اور ہم اپنے گھر جاتی سڑک کے قریب پہنچے تو اپنے گھر کے سامنے آگ کے شعلے اور فائر انجن دیکھ کر میرا دل ڈوب گیا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم اپنے گھروں کے سامنے سے گزرے تو پورے کے پورے گھر ہی زمین بوس ہو چکے تھے۔ ہم نے اپنی گاڑی پارک کی اور پیچھے کی طرف بھاگے۔ جیسے ہی میں نے وہ منظر دیکھا، میں نے ایسے کچھ قدم پیچھے ہوئی جیسے مجھے سے کوئی چیز ٹکرائی ہو۔ جہاں ایک وقت تک 20 گھر کھڑے تھے اب صرف انگاروں کے ڈھیر تھے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’فائر فائٹرز جن کے چہرے راکھ سے اٹے ہوئے تھے ہم سے معذرت کر رہے تھے کہ وہ ہمارا گھر نہیں بچا پائے۔ میں رو رہی تھی اور ان کا شکریہ ادا کر رہی تھی کہ انھوں نے ہمارے لیے اتنا کچھ کیا ہے۔
’مجھے اپنے ہمسائیوں کو کال کر کے یہ بتانا پڑا کہ ان کے گھر جل کر راکھ ہو چکے ہیں۔ مجھے الفاظ کے چناؤ میں بھی مشکل درپیش تھی۔‘
وہ کہتی ہیں کہ ہمارے علاقے کا زیادہ تر حصہ، میں کہوں گی 90 فیصد حصہ زمین بوس ہو چکا ہے۔ سب ختم ہو چکا ہے۔ میں اب بھی اس دھچکے سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہوں، اس تباہی سے اور خیال سے کہ میری کمیونٹی نے سب کچھ کھو دیا ہے۔
’میں شہر چھوڑنا کا منصوبہ رکھتی ہوں اور اپنے دوستوں کے پاس شمال میں جانے کے بارے میں سوچ رہی ہوں جہاں تحفظ بھی ہو گا اور آگ بھی نہیں ہو گی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں اب مجھے لاس اینجلس واپس آنے میں کافی وقت لگے گا۔ یہ سوچنا بھی مشکل ہے کہ میرے پاس واپس جانے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔ نہ کوئی گھر، نہ کوئی لائبریری، نہ سٹور، نہ تھیٹر نہ کمیونٹی سینٹر۔ یہ سب ہی ختم ہو چکا ہوں۔ میں یہی سوچتی رہتی ہوں کہ مجھے بھاگنے سے پہلے مزید سامان اٹھانا چاہیے تھا۔‘
انھوں نے کہا کہ ’لیکن پھر مجھے وہ واضح لمحہ یاد آیا جب اپنے گھر سے نکلنے سے پہلے اپنے بیڈروم میں کھڑے ہو کر میں فیصلہ کرنے کی کوشش کر رہی تھی کہ مجھے اپنے ساتھ کون سی بالیاں لے کر جانی چاہییں۔
’پھر میں نے خود کو باآوازِ بلند کہا ‘صرف وہی لے کر جاؤ جو تمھیں چاہیے۔ تمھیں کیا چاہیے؟ اور مجھے اپنے پسندیدہ کپڑوں، جوتوں اور جیولری کو دیکھتے ہوئے اس لمحے میں خیال آیا کہ مجھے اس میں سے کچھ بھی نہیں چاہیے۔ میں نے اپنی نانی کی انگوٹھی، پاسپورٹ اور برتھ سرٹیفیکیٹ اٹھائے اور باقی سب جلنے کے لیے چھوڑ گئی۔‘