Advertisement

جشن آزادی پاکستان پرسعودی عرب میں مقیم ہم وطنوں کے تاثرات

یومِ آزادی پاکستان کے موقع پرمملکت سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ہم وطنوں نے اپنے گہرے جذبات اور تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمارے لیے تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی ہمارے بزرگوں کی بے پناہ قربانیوں اور جدوجہد کا ثمر ہے، جسے ہمیشہ یاد رکھنا اور اس کی حفاظت کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ بیرونِ ملک رہتے ہوئے بھی ہم سب کا دل اپنے وطن کے ساتھ دھڑکتا ہے اور ہم پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔:
مولانا عبدالمالک مجاہد : (ڈائریکٹر دارالسلام انٹرنیشنل)
پاکستان اللہ تعالیٰ کے نام پر بننے والا ملک ہے جہاں بسنے والے لوگ ہر طرح کی اندرونی اور بیرونی سازشوں کے باوجود خوشحالی کی زندگی گزار رہے ہیں اور یہ اللہ کا بڑا کرم ہے کہ آزدای جیسی نعمت سے ہماری قوم سرفراز ہے ۔ مئی 2025 میں پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو دھول چٹائی اور اس کے عزائم کو نہ صرف خاک میں ملایا بلکہ اس کے غرور کا سر بھی نیچا کردیا جس پر پاکستانی بری ‘بحری اور بالخصوص فضائی افواج مبارکباد کی مستحق ہیں اور دشمن کے چھ لڑاکا طیارے گرا کر اس کے ناقابل تسخیر ہونے کا بھرم بھی مٹی میں ملا کر پاکستان کو اقوام عالم میں اس کا مقام و مرتبہ دلایا جو بہت عرصے سے اندرونی و بیرونی سازشوں کی وجہ سے پاکستان سے چھن چکا تھا۔بنیان مرصوص جیسےکامیاب معرکے پر بلاشبہ ہمارے سپہ سالار اور بہادر افواج ہی نہیں پوری پاکستانی قوم مبارکباد کی مستحق ہے جس نے سیسہ پلائی دیوار کی طرح دشمن کا ہر محاذ پر مقابلہ کیا۔ میں پاکستان کے حق میں دعا کرتے ہوئے احمد فراز کے ان اشعار کا حوالہ دیتا ہوں کہ
خدا کرے کہ میری ارض پاک پر اترے
وہ فصل گل جسے اندیشہ ء زوال نہ ہو
یہاں جو پھول کھلے وہ کھلا رہے برسوں
یہاں خزاں کو گزرنے کی بھی مجال نہ ہو
پاکستانی عوام بالخصوص نوجوان نسل پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے مل کر کوشش کریں اور اپنے ملک کو ناقابل تسخیر بنائیں۔
ڈاکٹر خالد عباس الاسدی (مدینہ المنورہ)
سب سے پہلے آپ سب کو دلی مبارکباد۔ یہ دن محض ایک تاریخ نہیں بلکہ ایک عہد ہے، ایک قربانیوں داستان ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کس قدر جدوجہد ، ایثار اور قربانیوں کے بعد حاصل ہوا۔ ہمارے اباؤ اجداد نے اپنے خون پسینے سے یہ وطن حاصل کیا ۔ ہندو اور انگریز کی سازشیں پاکستان کے قیام کو روک نہ سکیں۔ کیونکہ قائدآعظم کی بصیرت اورعلامہ اقبال کی فکر نے مسلمانوں کو ایک جھنڈے تلے جمع کیا اور ہمیں ایک ازاد مملکت عطا کی۔ جس نے نظریہ پاکستان کو حقیقت بنایا، اس نے زمین کو اپنا وطن اور قوم کو پاکستان دیا۔
انجینئرسجاد خان (جے یوآئی جدہ)
جشنِ آزادی پاکستان کے مسلمانوں کے لیے صرف خوشی کا دن نہیں بلکہ ایک یاد دہانی ہے کہ یہ ملک ایک بڑی قربانی اور عظیم جدوجہد کے بعد حاصل ہوا اور اسے اسلامی اور جمہوری اصولوں کے مطابق سنوارنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انگریزاور ہندو اس وقت واقعی یہ نہیں چاہتے تھے کہ برصغیر کے مسلمان ایک آزاد وطن حاصل کریں۔ سازشیں ہوئیں، رکاوٹیں ڈالی گئیں، مگر مسلمانوں کے قائدین، خاص طور پر قائداعظم محمد علی جناح کی سیاسی بصیرت اور قیادت اور علامہ اقبال کی فکر اور خواب نے قوم کو ایک سمت عطا کی۔ قائداعظم نے اپنی اصولی سیاست، عزم اور اتحاد کے ذریعے قوم کو منظم کیا۔ علامہ اقبال نے مسلمانوں کو ان کی اصل پہچان یاد دلائی اور ایک علیحدہ وطن کا خواب دکھایا۔ پاکستان کا قیام دراصل اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر ایک قوم اپنے مقصد میں سچی اور اپنے قائدین پر اعتماد رکھے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے ناکام نہیں کرسکتی۔
انجینئر ارشد محمود تبسم (الریاض)
پاکستان ہمارے اسلاف کی قربانیوں ، لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں اور محمد علی جناح کی قائدانہ صلاحیتوں اور انتھک جدوجہد کے بعد وجود میں آیا جس کے سبب آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔ کاش قوم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کا اسلامی جمہوری ، معاشی ، فلاحی پاکستان بنا سکے، آج کے دن ہمیں یہ آعادہ کرنا ہوگا کہ ہم پاکستان کو عروج و ترقی کی بلند سطح تک لے جانے کیلئے انتھک جدوجہد کریں گے۔ تکمیل پاکستان کیلئے قوم کو پھر پہلے والا نظریہ اور اسلامی سوچ چاہئے۔ پاکستانی قوم کو شدید معاشی ، سیاسی اور انتظامی بدحالی کے باوجود 79 واں یوم آزادی مبارک ہو۔ پاکستان زندہ باد
صحافی عابد شمعون چاند (مرکزی چیئرمین پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم )
پاکستانی قوم آج 79 ویں یوم آزادی منانے رہی ہے اس موقع پر سمندر پار پاکستانیوں سمیت پوری قوم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں یہ دن ہمارے دلوں میں خاص جگہ رکھتا ہے کیونکہ اس دن آزادی کی تاریخی جدوجہد ریاست پاکستان کے قیام پر منتج ہوئی آج کے دن مردوں، عورتوں اور بچوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو قائد اعظم کی متحرک قیادت میں اکٹھے ہوئے تاکہ ایک ایسی سر زمین حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کا آغاز کر سکیں کہ جس کو وہ اپنا گھر کہہ سکیں اس عمل کے دوران ان لوگوں نے حصول پاکستان کے عزم اور لگن کی عالیشان مثال قائم کی تھی میں قائد اعظم محمد علی جناح اور ان کے رفقاء کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہوں گا جن کے بغیر پاکستان کے خواب کو عملی جامہ پہنانا ممکن نہیں تھا پاکستان کے اس قیمتی تحفے کے لیے ہم ان عظیم راہنماؤں کے ہمیشہ احسان مند رہیں گے ، یہ یوم آزادی ماضی کی قربانیوں پر غور حال کی کامیابیوں کو منانے اور اپنے لوگوں کے روشن مستقبل کا تصور کرنے کا موقع ہے آزادی کا جذبہ پاکستانیوں کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے اور ایک ایسی قوم کی تشکیل کے لیے کام کرنے کی ترغیب دیتا ہے جو انصاف ، مساوات اور سب کے لیے خوشحالی کے اصولوں پر مبنی ہے آئیے آج کے دن اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو یاد کریں اور ان اقدار کو برقرار رکھنے کا عہد کریں جو ہماری عظیم قوم کی شناخت ہیں ( پاکستان پائندہ باد )
شہزاد احمد
گزشتہ 26 سال سے میں مملکت میں مقیم ہوں اور سعودی عرب کے مختلف اداروں میں سینئر گرافک ڈیزائنر کے طور پر خدمات انجام دی ہیں ،پاکستان ایک نعمت ہے جو ہمارے آباواجداد کی قربانیوں کا صلہ ہے ۔ آج اقوام عالم میں ہمیں جو پہچان حاصل ہے وہ پاکستان کے دم سے ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک میں بسنے والے پاکستانی آج پاکستان کے یوم آزادی کو دنیا کے کونے کونے میں منا رہے ہیں اور خوش ہیں کہ ہمارے پاس ایک ملک ہے جس کی اہمیت ان لوگوں سے پوچھیں جن کے پاس یہ نعمت نہیں ۔ آج ہم فخر سے یہ کہہ سکتے ہیں کہ ہم پاکستانی ہیں اور سبز ہلالی پرچم ہماری پہچان ہے۔ اپنے ملک کے لوگوں ، حکمرانوں اور سپہ سالار کو آزادی کے اس موقع پر مبارکباد دیتا ہوں، حال ہی میں ہماری بہادر افواج نے معرکہ بنیان مرصوص میں جو بہادری دکھائی اور دشمن کے کئی جہازوں اور ڈیفنس سسٹم کو تباہ کرکے جو دفاعی کارکردگی دکھائی اس کی مثال کہیں نہیں ملتی۔ پاکستان کی افواج اس کے لئے مبارکباد کی مستحق ہیں انہوں نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے دانت کھٹے کئے اور ان کو ہرمیدان میں دھول چٹائی اس پر پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوگیا۔ اللہ تعالی پاکستان کو رہتی دنیا تک قائم و دائم رکھے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور اپنی تحریر، تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ bisaat.mag@gmail.com پر ای میل کردیجیے۔
error: