رواں سال جشن آزادی کے موقع پر لانڈھی ٹاون اور کورنگی کے عوام کے لئیے لانڈھی ٹاؤن نے تین پارکوں 30 ہزار فیٹ سڑکوں کی استر کاری کا تحفہ دیا ،ان منصوبوں کا افتتاح امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کیا اور کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر لانڈھی ٹاؤن و کورنگی کے عوام کے لیے جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے 3پارکوں کا تحفہ اور 30ہزار اسکوائر فٹ سڑک کی استر کاری کے کام کی تکمیل اس امر کا ثبوت ہے کہ جب خدمت و دیانت اور نیک نیتی کے جذبے کے ساتھ کام کیا جائے تو اختیارات و وسائل کی کمی بھی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی، جماعت اسلامی امید سے یقین کا سفر، عوامی خدمت اور امانت و دیانت کا دوسرا نام ہے، برسوں سے ویران پارک اور کھیل کے میدان آباد ہو رہے ہیں، جن پارکوں میں کبھی کچرے کے ڈھیر ہوتے تھے آج وہاں روشنی، ہریالی اور بچوں کی خوشیاں نظر آرہی ہیں، ہم نے صرف 2سال کے عرصے میں 170سے زاید پارکوں کو بحال و آباد اور 40سے زاید سرکاری اسکول از سر نو تعمیر کر کے طلبہ و اساتذہ کے لیے بہترین ماحول فراہم کیا، انہوں نے یوسی 1اور یوسی 3میں 3پارکوں مصطفی پارک، محمد پارک اور حبیب پارک کا افتتاح کیا، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ،چیئرمین لانڈھی ٹاؤن عبدالجمیل،وائس ٹاؤن چیئرمین محمد عمران، یوسی چیئرمینز عبدالحفیظ،نادر لودھی،نور حسین،ناظم علاقہ قاسم ودیگر بھی موجود تھے۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ 14 اگست کا حقیقی پیغام یہی ہے کہ ہم مایوسی کو شکست دیں، روشنی اور امید کو اپنائیں، اجتماعی جدوجہد کے ذریعے اس وطن کو تعمیر و ترقی کی راہ پر ڈالیں اور عزم کریں کہ ہم اس فرسودہ اور ظالمانہ نظام کو بدلیں گے۔
لانڈھی ٹاؤن ،پارکوں کا تحفہ
















