Advertisement

سنگاپور کا تیز ترین ٹرانسپورٹ سسٹم

سنگاپور میں آمدورفت کے لیے درج ذیل ذرائع استعمال ہوتے ہیں۔
1۔ فاسٹ ٹرین MRT 2۔ لوکل ٹرین LRT
3۔ بس سروس 4۔ ٹیکسی سروس
5۔ فیری سروس 6۔ سائیکل اور موٹر سائیکل
7۔ پیدل چلنے والے
جزیرے میں ریلوے لائن اور جدید شاہراہوں کا جال بچھایا گیا ہے۔ ایک گھنٹے سے کم وقت میں جزیرے کے ایک حصہ سے کسی بھی دوسرے مقام پر پہنچا جا سکتا ہے۔ ٹریفک جام نہ ہونے کے برابر ہے۔ آپ اپنے وقت کا بہترین استعمال کرتے ہوئے بروقت اپنی منزل تک پہنچ سکتے ہیں۔ یہاں پر اس قسم کا کوئی بہانہ نہیں چل سکتا کہ میں راستے میں لیٹ ہو گیا تھا یا ٹریفک جام میں پھنس گیا تھا۔ ان تمام سہولیات کی تفصیل یہاں پر دی جا رہی ہے۔
MASS RAPID TRANSIT (MRT)
یہاں کے ٹرانسپورٹ سسٹم میں اولین حیثیت رکھتی ہے۔ اس کے 150 سٹیشن شہر کے تمام علاقوں میں موجود ہیں۔ ٹریک کی کل لمبائی 250 کلومیٹر ہے جس کو 2040 تک 460 کلومیٹر تک بڑھا دیا جائے گا۔ 40 نئے سٹیشن اور دو نئی لائنیں بنائی جا رہی ہیں۔ بعض اوقات منزل پر پہنچنے کے لئے 2 ٹرینیں بدلنا پڑتی ہیں لیکن اس میں چند منٹ سے زیادہ کا وقفہ نہیں ہوتا۔ شام کے رش کے اوقات میں کبھی کبھار ایک ٹرین میں جگہ نہ ملے تو چند منٹ بعد دوسری ٹرین آ جاتی ہے۔ تمام ٹرینیں بغیر ڈرائیور کے آٹومیٹک سسٹم پر چلتی ہیں۔ اس کا آغاز 1988 میں کیا گیا اور اب اس کے 50 سال مکمل ہونے والے ہیں۔ یہلی ٹرینیں صبح 5.30 بجے چلتی ہیں اور آخری ٹرین رات 12 بجے ختم ہوتی ہے۔ اس کی تعمیر پر 2021 تک 150 بلین ڈالر کے اخراجات آ چکے ہیں جبکہ توسیع و ترقی پر 50 بلین ڈالر کا مزید خرچہ ہو رہا ہے۔ اس کا معیار اور سہولیات بہت اچھی رکھی گئی ہیں اس لئے اس کی تعمیر اور سازوسامان پر آنے والے فی کلومیٹر اخراجات دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہیں۔ تیز رفتاری ، قابل اعتماد سروس ، محفوظ سفر اور مناسب قیمت کے لحاظ سے یہ دنیا بھر میں مشہور ٹرانسپورٹ سسٹم ہے۔ اس کا ٹکٹ ڈیڑھ سنگاپور ڈالر سے ڈھائی سنگاپور ڈالر تک کا ہے جو ایک سے دو امریکی ڈالر کے برابر ہے۔ اس وقت 6 لائنیں موجود ہیں۔ تمام ریلوے سٹیشنوں کو بس سروس اور LRT کے ذریعے قریبی علاقوں سے جوڑا گیا ہے۔

  1. NORTH SOUTH (RED LINE)
    شہر کے وسط اور اہم تجارتی مراکز سے گذرتی یہ لائن Marina Bay سے Jurong East تک جاتی ہے۔ اس پر کل 27 سٹیشن ہیں۔ میرینا بے سٹیشن پر Merlion Park ،
    سٹی ہال پر Raffles City ، آرچرڈ روڈ پر Paragon Shopping Center ۔ دھوبی گھاٹ سٹیشن پر Little India جبکہ Jurong East پر Chinese Gardens مشہور مقامات ہیں۔ اس کو Red Line کا نام دیا گیا ہے۔ یہ سنگاہور میں چلنے والی سب سے پہلی فاسٹ ٹرین ہے۔ 45 کلومیٹر لمبی اس لائن کے 11 سٹیشن شہر کے وسط میں انڈر گرائونڈ ہیں۔
  2. CIRCLE LINE (ORANGE)
    یہ شہر کے گرد چکر لگاتی ہوئی مختلف اطراف کو آپس میں جوڑتی ہے۔ Stadium سٹیشن پر سنگاپور نیشنل سٹیڈیم ، دھوبی گھاٹ پر کئی انٹرچینج ، Raffles Place پر کئی مشہور ہوٹل اور HarbourFront پر Sentosa Island کا راستہ موجود ہے۔ یہاں سے Mono Rail چلتی ہے جو سنتوسا جزیرے کی سیر کراتی ہے۔
  3. EAST WEST (GREEN LINE)
    35 سٹیشنوں پر مشتمل گرین لاین مشرق سے مغرب کی طرف موجود ہے۔ Bugis Station پر سنگاپور آرٹس میوزیم ، Tanah Mirah پر چانگی ائرپورٹ اور Joo Koon پر مشہور سنگاپور برڈ پارک ، سنگاپور سائنس سنٹر اور S.E.A Aquarium ہے جہاں بے شمار رنگ برنگی مچھلیاں موجود ہیں۔ یہ سب سیاحوں کی دلچسپی کے مقامات ہیں۔ اگرچہ مقامی آبادی بھی اس پر سفر کرتی ہے۔ ۔ میں بھی شروع میں اسی ٹرین کے ذریعے کئی ماہ سنگاپور جنرل ہسپتال جاتا تھا۔
  4. NORTH EAST (PURPLE LINE)
    یہ لائن PUNGGOL سے HarbourFront تک جاتی ہے۔ اس پر کئی مشہور تفریحی مقامات ہیں۔ 2003 میں شروع ہونے والی یہ لائن 22 کلومیٹر لمبی ہے اور اس پر 17 سٹیشن ہیں۔ اس کے ذریعے China Town اور سرنگون روڈ پہنچا جا سکتا ہے جہاں پر مشہور مصطفے سٹور واقع ہے۔ یہ پہلی لائن ہے جو مکمل طور پر ڈرائیور کے بغیر چلائی گئی تھی۔ اس کو کنٹرول کرنے کے لئے Alstom Urbalis 300 CBTC سگنل سسٹم لگایا گیا ہے۔ اس کے ہر سٹیشن کو مخصوص آرٹ ورک کے ذریعے سجایا گیا ہے اس لئے اس کو Art- in – Transit – Line بھی کہا جاتا ہے۔
  5. DOWNTOWN (BLUE LINE)
    مغربی جانب سے شروع ہونے والی یہ لائن شہر کے مرکزی مقامات سے گذرتی ہے اور اس کے ذریعے دوسری لائنوں سے بھی رابطہ ہو جاتا ہے۔ Bukit Timah پر نیچر ریزرو ، China Town پر واقع سٹریٹ مارکیٹ ، Marina Bay پر دوسری لائنوں کا انٹرچینج اور Expo سٹیشن کے ذریعے سنگاپور انڈور سٹیڈیم پنہچا جا سکتا ہے۔ اس کو آگے بڑھانے کے لئے 2040 تک کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس یہ بہت وسیع علاقے تک پہنچے گی۔ بلیو لائن کے تمام 35 سٹیشن انڈر گرائونڈ ہیں۔
    6.Thomson East Coast (BROWN LINE)
    یہ سب سے نئی لائن ہے جو شمال سے جنوب کی طرف جاتی ہے۔ 2025 میں اس کے آخری تین سٹیشن کھولے گئے ہیں۔ یہ Woodland North سے Gardens by the Bay East تک جاتی ہے۔ 2030 تک تمام لائنوں پر 40 نئے سٹیشن بنانے کا کام جاری ہے۔
    LIGHT RAIL TRANSIT (LRT(
    یہ ٹرین ایک بوگی یا تین چار بوگیوں پر مشتمل ہوتی ہے اور چھوٹے روٹ پر سفر کرتی ہے۔ اس کے ڈبے عام ٹرینوں کی طرح ہی بھاری بھرکم ہوتے ہیں۔ (کراچی میں 60 اور 70 کی دہائی میں ایک بوگی والی ٹرام صدر بازار میں سڑک کے درمیان میں چلتی تھی۔ لاہور میں 2025 میں بغیر پٹری کے تین بوگی والی ٹرین شروع کی گئی ہے۔ استنبول میں بھی شہر کے بازاروں کے درمیان سڑک پر ایسی فاسٹ ٹرین چلتی ہے) سنگاپور میں کئی چھوٹے روٹوں پر یہ ٹرینیں چلتی ہیں۔ اس کے سٹیشن زیادہ فاصلے پر نہیں ہوتے۔ عام طور پر یہ MRT کے سٹیشنوں تک جانے کے لئے استعمال ہوتی ہے۔ اس وقت اس کے 40 سے زیادہ سٹیشن موجود ہیں اور روزانہ دو لاکھ سے زائد افراد یہ سروس استعمال کرتے ہیں۔ اس کا آغاز 1999 میں کیا گیا اور اس کی کل لمبائی 30 کلومیٹر ہے۔ اس کی بوگیوں کی تعداد 90 ہے۔ سٹیشن زیادہ فاصلے پر نہ ہونے کی وجہ سے اس کی رفتار 50 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
    BUS SERVICE IN SINGAPORE
    سنگاپور میں بسوں کا وسیع نظام موجود ہے۔ ان کے کرائے بھی کم ہیں۔ عام طور پر بسوں کو MRT تک جانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ ویسے شہر کے ہر روٹ پر بسیں چلتی ہیں جن میں ڈبل ڈیکر بسیں بھی ہیں۔ میں نے پورے سنگاپور پھرنے اور ملائشیا کے جزیرے جوہر بارو تک جانے کے لئے لوکل بس استعمال کی ہے۔
    TAXI SERVICE & HIRE CARS
    یہاں بہترین ٹیکسی سروس موجود ہے جن سے کہیں بھی جایا جا سکتا ہے لیکن یہ پبلک ٹرانسپورٹ کے مقابلے میں مہنگی ہے۔ ایک ٹیکسی میں ایک ہی جانب جانے والے کئی مسافروں کو بھی بٹھا لیا جاتا ہے۔ 1992 میں ہم ہاتھ کے اشارے سے ٹیکسی کو روک کر بیٹھتے تھے۔ اب ٹیکسی کو آئن لائن بک کروایا جا سکتا ہے۔ سنگاپور میں سب سے مشہور ٹیکسی ایپ Grab ہے۔ یہاں پر Uber نہیں چلتی۔ شہر کے وسط میں سفر کا کرایہ 5 سے 10 سنگاپور ڈالر ہے۔
    FERRY SERVICES
    قریبی جزیروں پر جانے کے لئے فیری سروس چلتی ہے۔ یہ چھوٹے جہازوں اور بڑی کشتیوں پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ Bamboo Boats بھی چلتی ہیں جو اپنے مسافروں پر پانی اڑاتی سمندر کا سینہ چیرتی ہیں۔ انڈونیشیا کا قریبی جزیرہ Batam Island سیاحت کا مشہور مقام ہے جہاں پر سنگاپور کے ہزاروں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ہر اتوار کو رومانس کرتے نظر آتے ہیں۔ سنگاپور کا KUSU Island ایک اور مشہور تفریحی مقام ہے جہاں لوگ فیملی کے ساتھ جاتے ہیں۔
    سائیکل سوار اور پیدل چلنے والے
    سنگاپور میں سکولوں کے طلبہ و طالبات کے علاوہ سائیکل سواری کے شوقین یہ ذریعہ استعمال کرتے ہیں۔ صحت مند زندگی گذارنے کے لئے کافی لوگ صبح اور شام کے اوقات میں پیدل چلتے ہیں۔ گلی محلے کی سڑکوں پر پیدل چلنے والوں کا پہلا حق تسلیم کیا جاتا ہے اور ہر طرح کی ٹریفک ان کے لئے رک جاتی ہے۔ اگر چھوٹی سڑکوں پر آپ کی گاڑی سے سائیکل سوار یا پیدل چلنے والوں کو کوئی نقصان پہنچ جائے تو غلطی آپ کی تصور کی جائے گی۔
    INTELLIGENT NSPORT SYSTEM
    ذہانت پر مبنی آٹومیٹک سسٹم یہاں کی روڈ ٹریفک کو کنٹرول کرتا ہے۔ اب اس میں مصنوعی ذہانت AI کا استعمال بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سسٹم میں sensors اور real time data کے ذریعے تجزیہ کرکے فوری فیصلے کئے جاتے ہیں۔ اس کا اہم جزو Electronic Road Pricing ہے یعنی شاہراہ زیادہ مصروف ہونے کی صورت میں اضافی ٹیکس آپ کو دینا پڑے گا یا آپ متبادل سستا راستہ استعمال کر لیں۔ اس سارے نظام کو LAND TRANSPORT AUTHORITY کنٹرول کرتی ہے۔ اس نظام کا اصل مقصد حفاظت کا اعلی معیار اور ٹریفک کی روانی کو قائم رکھنا ہے۔
    اس میں real time analysis کو بنیادی اہمیت حاصل ہے، جس کے بعد ٹریفک کی معلومات فوری نشر کی جاتی ہیں اور ٹریفک کنٹرول کے لیے فوری فیصلے ہوتے ہیں۔ ساتھ ہی گاڑی خراب ہونے یا حادثے پر نہایت تیز کارروائی کی جاتی ہے۔ ٹریفک سگنلز کو ٹریفک کے حساب سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ کو رواں دواں رکھنے کے لئے راستہ بنانے کو ترجیح دی جاتی ہے۔ اس تمام عمل میں گاڑیوں اور مسافروں کی حفاظت کو اولین ترجیح حاصل ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور اپنی تحریر، تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ bisaat.mag@gmail.com پر ای میل کردیجیے۔
error: