Advertisement

اکنا کینیڈا کا کنونشن: مسلمانوں کو تعلیمی، سماجی، معاشی مضبوطی کا مشورہ

مغرب میں مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنے آپ کو تعلیمی، معاشی، سماجی اور سیاسی لحاظ سے مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ اس طوفانی وقت میں اپنے دین پر سختی سے جمے رہیں۔
ان خیالات کا اظہار ٹورانٹو میں اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کے زیر اہتمام دو روزہ کنونشن میں پاکستان، برطانیہ، مشرق وسطی،کینڈا، امریکہ ، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک سے آئے ہوئے اسکالرز نے کیا جن میں ڈاکٹر یاسر قاضی، ڈاکٹر عمر سلیمان، شیخ ابراہیم ہندی، ڈاکٹر الطاف حسین، الجزیرہ ٹی وی کے معروف صحافی سمیع ہمدی، ڈاکٹر اقبال مسعود ندوی، خالد رحمان، آکنا یو ایس اے کے سربراہ سعد کاظمی، آکنا کینیڈا کے امیر اسامہ لبیب اور دیگر نے خطاب کیا۔
اس دو روزہ کنونشن میں بنگلہ دیش، افغانستان اور فلسطین سے تعلق رکھنے والے کینیڈین مسلمانوں نے اہم اجلاس منعقد کیے جن میں ان ممالک کی صورتحال اور بیرون ملک مسلمانوں کے عملی تعاون پر غور کیا گیا۔
مقررین نے نئ نسل پر زور دیا کہ وہ کینیڈا کے تمام معاملات میں مکمل حصہ ڈالیں اور اپنے دین پر فخر کرتے ہوئے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔
مقررین نے غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے کینیڈین مسلم کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت پر بلا خوف وخطر آواز اٹھائیں اور سوشل میڈیا کو بھی موثر انداز میں استعمال کریں۔
مقررین نے امت مسلمہ کے لیے ایک اجتماعی اور طویل مدت منصوبہ بندی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ مغرب میں اپنے دین اور کلچر پر کوئی معذرت خواہانہ رویہ اختیار نہ کریں اور نوجوان لڑکیاں اپنی نوکری کو اپنی ازدواجی زندگی پر ہرگز ترجیح نہ دیں
کنونشن میں مختلف شہروں سے ہزاروں افراد نے اپنے پورے گھر والوں کے ساتھ شرکت کی۔
اس موقع پر مختلف اسلامی تنظیموں اور اہم کاروباری اداروں کے اسٹالز لگائے گئے تھے جبکہ نوجوان طلباء وطالبات اور خواتین کے لیے خصوصی پروگرام بھی منعقد کیے گئے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور اپنی تحریر، تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ bisaat.mag@gmail.com پر ای میل کردیجیے۔
error: