Advertisement

الخدمت قربانی برائے تقسیم غربا کی رُوداد

تحریر: فاروق بھٹی
ایک ڈاکٹر گائے کا طبی معائنہ کرتا ہے اور ok کا اشارہ کرتا ہے۔ گائے آگے بڑھا دی جاتی ہے۔ ایک گیٹ میں داخل ہوتے ہی ایک مشین اسے اٹھا کر ایسے لِٹاتی ہے کہ اس کی گردن قصاب کے چھری کے سامنے آ جاتی ہے۔ اللہ اکبر کی آواز بلند ہوتی ہے اور خون کا فوارہ چھوٹ جاتا ہے۔ اگلے لمحے ایک ہُک سی ذبیح کو ٹانگ سے اٹھا کر اگلے اسٹیشن پر لے جاتی ہے۔ یہاں ایک منٹ سے بھی کم وقت میں ذبیح کی کھال اتر جاتی ہے، اگلے مرحلے پر خاص حفاظتی لباس میں ملبوس ایک ورکر چھری سے صفائی کے لئے مستعد کھڑا ہے۔ یوں سمجھئے کہ دو سے تین منٹ میں ذبیح کا عمل مکمل ہو جاتا ہے۔ آخری مرحلے پر گوشت تول کر پیک کیا جاتا ہے اور پیکٹ blast freezer کے حوالے کر دیا جاتا ہے جہاں منفی 30 ڈگری پر اسے ٹھنڈا کر کے یخ بستہ گاڑی میں منتقل کر دیا جاتا ہے۔ اب یہ گاڑی لاہور کی پسماندہ بستیوں کا رُخ کرے گی اور الخدمت کی طرف سے فی گھر دو کلو صحت مند گوشت فراہم کرے گی۔ اس سارے عمل میں ترک دوست ساتھ ساتھ ہیں۔
دن کا آغاز تو فجر اور عید نماز سے ہو چکا ہے لیکن اس عید کا حقیقی لطف آٹومیٹک سلاٹر ہاوؑس کی قربان گاہ دیکھنے سے ہوا۔ یہاں موجود ترک وفد کی قیادت ترک قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر بن علی یلدرم کا 43 سالہ بیٹا ارقم یلدرم کر رہا ہے، عمدہ انگریزی اور ہلکی پھلکی اردو بولنے والا ارقم۔ جماعت لاہور کے امیر ضیاءالدین انصاری کو گلے لگا کر “Erkek kardeşim” پکارنے والا ارقم۔ انصاری صاحب کے ساتھ قیمِ لاہور اظہر بلال، الخدمت کے شعیب ہاشمی اور نگران پراجیکٹ مغیث قریشی موجود ہیں۔ ارقم یلدرم نے بتایا کہ ان کے نام کا تعلق حضرت ارقمؓ سے ہے اور یلدرم کا مطلب ہوتا ہے Thunder … اس پر پاکستان کے فائٹر جیٹ جے ایس تھنڈر 17 کا ذکر شروع ہوا اور محفل زعفران بن گئی۔ پاک بھارت حالیہ جنگ کے تناظر میں تھنڈر کے معنی واقعی بہت ارفعٰ ہو چکے ہیں۔ ارقم صاحب بتا رہے تہے کہ پہلی مرتبہ پاکستان کے ساتھ یہ پراجیکٹ کر رہے ہیں اور کل وہ اسلام آباد میں قربانی میں شرکت کریں گے۔ ارقم اپنے ساتھ گھر کی بنی ہوئی خصوصی بریڈ اور معروف ترکش ڈش بکلاوہ لیکر آئے تہے۔ انہوں انصاری صاحب کو بکلاوہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کی مٹھاس خلا+فت عثمانیہ کی یاد تازہ کرتی ہے۔
سات جون کے گرم دن میں عیدالاضحیٰ کے اس منظر نے زندگی کی پچھلی تمام عیدوں کی یاد تازہ کردی۔ گمٹی بازار کے چرمہائے قربانی کے منفرد اسٹال سے لیکر بادامی باغ اور راوی کنارے آباد کچی بستیوں میں تقسیم گوشت تک ۔۔۔ ڈاکٹر یعقوب فریدی سے چوہدری طاہر اسلام تک کی عیدین تک ۔۔۔ بیشک وہ لوگ اپنی عید قربان کر کے کمزوروں کو عید کروانے میں اپنا جیون کھپا دیتے تہے۔ لاہور کی درجنوں قربان گاہوں کے دورے پر ضیاءالدین انصاری کی ملاقات سینکڑوں ڈاکٹر یعقوبوں سے ہوئی۔ 45 ڈگری کا آگ برساتا سورج اور خوبصورت صحتمند جانوروں کو سنتِ ابراہیمی پر قربان کرنے میں مدد دینے والے الخدمت رضاکار، پسینے سے شرابور ۔۔۔ بحریہ، ای ایم ای، کینال گارڈن، واپڈا ٹاوؑن، منصورہ، وحدت روڈ، اچھرہ ہر جگہ نوجوان اور بزرگ نوجوان خدمت خلق میں مست ۔۔۔ امامیہ کالونی، کوٹ عبدالمالک سے دروغہ وال اور واہگہ سے سندر تک ۔۔۔ سینکڑوں کارکن اور قربانی کے ہزاروں جانور ۔۔۔ ماشاءاللہ ۔۔۔ الحمد للہ

اگر آپ بھی ہمارے لیے لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور اپنی تحریر، تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ bisaat.mag@gmail.com پر ای میل کردیجیے۔
error: