سعودی عرب کے ساحلی شہر دمام میں A – ZEE ڈائمنڈ کمیونٹی کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی ( پیارا پاکستان ) کے عنوان سے رنگا رنگ ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے مرد و خواتین اور بچوں نے بھر پور شرکت کی۔
دمام سے عابد شمعون چاند کے مطابق یونائیٹڈ کلچرل فورم کے محمد تنویر کی عمدہ میزبانی میں فیسٹیول کا آغاز ہو بعدازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی معروف سماجی شخصیت صدر پاکستان اوورسیز ایسوسی ایشن انٹرنیشنل ندیم اختر چوہدری کا کہنا تھا کہ ایسے ثقافتی پروگراموں سے نہ صرف پاکستان کے کلچر اور ثقافت کو فروغ ملتا ہے بلکہ پاکستان کے وقار میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
ندیم اختر چوہدری نے کہا کہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ نہ صرف دفاعی تعاون کو فروغ دے گا بلکہ دونوں ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کو بھی یقینی بنائے گا خوبصورت تقریب منعقد کرنے پر اے زی کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تقریب کی چیف آرگنائزر نازش انمول اور زہرا زاہد کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین نہ صرف اپنی کمیونٹی میں اپنی ثقافت ، مقامی روایات ، حب الوطنی اور باہمی بھائی چارے کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کر رہیں ہیں بلکہ دوسرے ممالک کی خواتین کو اپنی ثقافت سے روشناس کرا رہی ہیں تقریب میں مقامی گلوکار ارمان خان اور محمد ذیشان نے ملی نغمے گا کر سماں باندھ دیا جبکہ چھوٹے بچوں نے مختلف علاقائی لباس زیب تن کرکے پاکستانی ثقافت سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا فیسٹیول میں چار سو پاکستانی ثقافت کے رنگ بکھرے نظر آئے خواتین کیلئے چوڑیاں ، مہندی ، ملبوسات ، عمدہ جیولری ، کاسمیٹکس سمیت پاکستانی چٹ پٹے کھانوں کے اسٹال حاضرین کی توجہ کا مرکز بنے رہے تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی ندیم اختر چوہدری سمیت اعلی کارکردگی کے حامل مرد و خواتین کو اعزازی شیلڈز سے بھی نوازا گیا خوبصورت تقریب منعقد کرنے پر حاضرین نے( اے ذی ) ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا اور آئندہ بھی ایسے پروگراموں کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔
الخبر:اے ذی ڈائمنڈ کمیونٹی کی جانب سے ’’پیارا پاکستان‘‘ تقریب
















