اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا کے سابق امرا زاہد بخاری اور ڈاکٹر محسن انصاری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں اسلامی تحریکوں کی کامیابیوں کا سہراسید ابوالاعلی مودودی اور اسلامی جمعیت طلبہ کے سر ہے دنیا میں جہاں کہیں اسلامی تحریکوں کی قیادت ہے اب اس میں اکثریت اسلامی جمعیت طلبہ یا اسلامی فکر کے حامل نوجوانوں کی ہے ۔وہ فاران کلب کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے کے موقع پر خطاب اور سوالات کے جوابات دے رہے تھے ، زاہد بخاری نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اکنا اب امریکا کے مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم ہے اور اس میں صرف پاکستانی نہیں ساری دنیا کے مسلمان ہیں ،اس سال امریکی انتخابات میں امریکی مسلمانوں کا وزن محسوس کیا گیا ہے اگرچہ یہ بہت واضح نہیں لیکن اس مرتبہ محسوس ضرور کیا گیا۔
اکنا سے حال ہی میں سبکدوش ہونے والے امیر ڈاکٹر محسن انصاری نے بنگلا دیش کے حالیہ دورے کے حوالے سے بھی گفتگو کی ،انہوں نے بتایا کہ بنگلا دیش میں حالیہ تبدیلی نہ صرف حیرت انگیز ہے بلکہ ابھی تک بہت سے لوگ حیران ہیں ۔ اس سوال کے جواب میں کہ جماعت اسلامی کی کیا پوزیشن ہے ،انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی بنگلا دیش تمام صورتحال سے واقف ہیں اور اس معاملے میں محتاط بھی ہیں اور بہت زیادہ توقعات بھی پیدا نہیں کرنا چاہتے ، وہاں جماعت اسلامی انقلابی نوجوانوں کے ساتھ بھرپور رابطے میں ہیں اور مستقبل کے نقشے میں جماعت اسلامی کی پوزیشن مضبوط ہوگی ،البتہ انقلاب کی پشت پر موجودقوتیں بھی اپنی حکمت عملی تیار کررہی ہونگی ،اور ایسی قوت جسے پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ کہا جاتا ہے اس پر کہیں بھی اعتبار نہیں کیا جاسکتا ،ڈاکٹر محسن انصاری نے بتایا کہ حالیہ طلبہ تحریک کے ایک ایک زخمی اور متاثر کی دیکھ بھال کررہی ہے،انہوں نے بتایا کہ بنگلا دیشی معاشرے میں اسلام پہلے سے زیادہ سرایت کرچکا ہے، خصوصا پردہ و حجاب بہت زیادہ عام ہے، برمی مہاجرین کے کیمپوں میں تو کوئی خاتون بے پردہ نظر نہیں ائی۔ ہم نے اکنا میں ینگ مسلمز کی بنیاد ڈالی ہے ،اس طرح نوجوانوں میں تیزی سے اسلام کا پیغام پھیل رہا ہے ۔ ہم صرف تعلیمی اداروں میں کام نہیں کررہے بلکہ گھروں اور محلوں کی بنیاد پر کام کررہے ہیں اس کے اچھے نتائج آرہے ہیں، اکنا نے فلاحی خدمات کے میدان میں بھی بہت کام کیا ہے، اور اسے اقوام متحدہ کی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے ۔اس موقع پر فاران کلب کے جنرل سیکریٹری ندیم اقبال ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا ،جماعت اسلامی کے سابق نائب امیر راشد نسیم نے دعا کرائی۔ تلاوت قرآن کی سعادت ماہنامہ بساط کے مظفر اعجاز نے حاصل کی تقریب میں فاران کلب کے صدر ایچ ایم حنیف، سابق نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی، سابق امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی،اسلامک ریسرچ اکیڈمی کے ڈائریکٹر شاہد ہاشمی ، تاجروں ،سماجی رہنماؤں اور فاران کلب کے ممبرز نے بھی شرکت کی۔
دنیا بھر میں اسلامی تحریکوں کی کامیابی کا سہرا سید مودودیؒ اور اسلامی جمعیت طلبہ کے سر ہے، ڈاکٹر محسن انصاری
