Advertisement

کبابش پنک کلب کی روح پرور رمضان تقریب

کبابش پنک کلب کی جانب سے ماہِ رمضان کی آمد سے قبل ایک باوقار اور روحانی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں کلب کی معزز ممبران نے بھرپور شرکت کی۔ اوورسیزپوسٹ کی خصوصی رپورٹ کے مطابق یہ بابرکت اجتماع نہ صرف روحانی تربیت کا ذریعہ بنا بلکہ باہمی محبت، اخوت اور ہم آہنگی کا خوبصورت مظہر بھی ثابت ہوا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت معلمہ اسماء نے حاصل کی۔
بعد ازاں انہوں نے رمضان المبارک کے فضائل و برکات پر جامع روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رمضان صبر، تقویٰ اور عبادت کا مہینہ ہے، جس میں نماز، تلاوتِ قرآنِ مجید، ذکر و اذکار اور صدقہ و خیرات کو معمول کا حصہ بنانا چاہیے۔ انہوں نے خواتین کو خصوصی طور پر رہنمائی فراہم کی کہ اس بابرکت مہینے کو منظم انداز میں گزار کر اپنی روحانی کیفیت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے اور زیادہ سے زیادہ اجر و ثواب حاصل کیا جا سکتا ہے۔ تقریب کی صدارت کبابش پنک کلب کی ڈائریکٹر، اُمِّ عبد الرحمن نے کی۔ انہوں نے مہمانانِ گرامی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کلب کی سرگرمیوں اور مقاصد پر روشنی ڈالی اور اس اجتماع کو خواتین کے باہمی رابطے اور فکری نشوونما کے لیے اہم قرار دیا۔ بعد ازاں ڈاکٹر سدرہ نے خطاب کرتے ہوئے رمضان المبارک میں متوازن غذا اور صحت کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے سحری اور افطاری میں غذائیت سے بھرپور خوراک کے استعمال پر زور دیا اور بتایا کہ مناسب مقدار میں پانی، تازہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال اور تلی ہوئی اشیاء سے پرہیز صحت مند زندگی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ متوازن غذا کے ذریعے رمضان کے دوران وزن کو قابو میں رکھا جا سکتا ہے اور جسمانی توانائی برقرار رکھی جا سکتی ہے۔ اس روح پرور تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی، تقریب کے اختتام پر شرکاء خوشگوار ماحول میں باہمی محبت اور اپنائیت کے ساتھ مل بیٹھ کر طعام سے بھی لطف اندوز ہوئیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور اپنی تحریر، تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ bisaat.mag@gmail.com پر ای میل کردیجیے۔
error: