یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پرجدہ میں پاکستان قونصلیٹ جنرل کی جانب سے پاکستان ہاؤس” میں کشمیری عوام سے اظہارِیکجہتی کےلیے ایک سادہ مگر پُروقارتقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے مہمانِ خصوصی قونصل جنرل پاکستان خالد مجید تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہِ رگ ہے اور اس کی آزادی تک پاکستان کا عزم مضبوط رہے گا۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی، مقامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی سطح پر کشمیری حقوق کی حمایت کرنے والے حلقوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھی۔
انھوں نے کشمیرکازکے لئے اوآئی سی اورسعودی حکومت کی مسلسل حمایت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید محمد فواد احمد شیر نے اپنے خطاب میں عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھائے اور بھارت کے زیرِ تسلط کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا عزم اور حوصلہ قابلِ تحسین ہے اور پاکستان ہمیشہ ان کے ساتھ ہے۔ تقریب میں کشمیری اورپاکستانی کمیونٹی کی کئی ممتازشخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد صدر مملکت، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ پاکستان کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ تقریب کے کلیدی مقررین میں پاکستان کے سابق وفاقی وزیربلدیات و ہاؤسنگ چوہدری شہباز حسین، اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدرسردار طاہر محمود، آئی آئی او جموں اینڈ کشمیر کے چیئرمین محمد عارف مغل اور کشمیر کمیٹی جدہ کے صدر مسعود احمد پوری شامل تھے۔ جدہ میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے طلباء نے کشمیر کے مسئلے پر پاکستانی نوجوانوں کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے تقاریر کیں۔
مقررین نے اس دن کی تاریخی اہمیت پر زور دیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں خاص طور پر 5 اگست 2019 سے بھارتی قابض افواج کے ظلم و جبر کی مذمت کی اور کشمیریوں کی بے پناہ قربانیوں کو سراہتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستانی عوام جموں اور کشمیر کے حق میں اپنے موقف سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔ شرکاء نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا، جیسا کہ عالمی برادری نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے وعدہ کیا تھا۔ واشنگٹن میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ پیس کے صدر سید غلام نبی فائی نے بھی ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے کشمیر کی تاریخ اور خطے میں بھارتی فوج کی بربریت پر اپنے نقطہ نظر کا اظہار کیا۔ تقریب کا اختتام کشمیر اور فلسطین کے عوام کے لیے اور ان کی جائز جدوجہد آزادی کی حمایت میں اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔
جدہ میں یومِ سیاہ پرکشمیری عوام سے اظہارِیکجہتی کےلیے پُروقارتقریب
















