چھ سالہ مثالی خدمات اور شاندار قیادت کے بعد پاکستان واپس جانے والے قابل فخرقونصل جنرل پاکستان تعنیات جدہ سعودی عرب عزت ماٰب خالد مجید کے اعزاز میں پاکستان انوسٹرز فورم نے یادگار تقریب کا اہتمام کیا جس میں جدہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے انہیں گرمجوشی سے الوداع کیا۔ ان کی خدمات، رہنمائی، شفقت اور تعاون کا اثر کئی سال تک محسوس کیا جاتا رہے گا:-
جدہ کے مقامی ہوٹل میں پاکستان انویسٹرز فورم کی جانب سے حلف برداری اورسبکدوش ہونے والے قونصل جنرل آف پاکستان خالد مجید کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، قاری محمد آصف نے آیت ربانی کی تلاوت کی۔ نظامت چوہدری ظہیر احمد نے کی۔ تقریب میں فورم کے نو منتخب صدر چودھری شفقت محمود اور جنرل سیکرٹری مہرعبدالخالق لک کی حلف برداری بھی ہوئی۔ ٹریڈ قونصل سعدیہ نے حلف لیا۔ تقریب میں کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات کی بڑی تعداد نےشرکت کی اور قونصل جنرل کی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان انویسٹرز فورم کے صدر شفقت محمود نے کہا کہ قونصل جنرل خالد مجید ایک نہایت خوش اخلاق، ملنسار اور کمیونٹی کی خدمت کے جذبے سے سرشار شخصیت ہیں۔ ان کی خدمات ہمیشہ سنہرے حروف میں لکھی جائیں گی۔ جنرل سیکرٹری مہر عبدالخالق لک نے کہا کہ قونصل جنرل نے قونصلر سروسز میں جو نمایاں بہتری پیدا کی، پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر خصوصی توجہ دی اور نئے قونصل خانے کی عمارت کو تکمیل تک پہنچایا۔ قونصل جنرل خالد مجید نے کہا کہ وہ پاکستانی کمیونٹی کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنہوں نے گزشتہ چھ برسوں میں نہ صرف انہیں بلکہ ان کے خاندان کو بھی محبت اورتعاون سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ بیماری کے دنوں میں کمیونٹی کی دعائیں ان کے لیے انمول تحفہ تھیں۔ قونصل جنرل نے مزید کہا کہ کمیونٹی کی خدمت ہو یا قونصل خانے کے امور، ہر کامیابی ان کی پیشہ ورانہ ٹیموں کی محنت کا نتیجہ ہے۔ تقریب سے چودھری انصر محمود، مسعود احمد پوری، سرداراقبال یوسف ، سردارعنایت وقاص، سید ریاض حسین بخاری، چودھری شہباز حسین، اظہرعباس ورائچ اور محمد فضل نے بھی خیالات کا اظہار کیا اورخالد مجید کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر ماسا اور اسکانکم کی جانب سے قونصل جنرل خالد مجید اعزازی شیلڈز سے نوازا۔ تقریب کا اختتام پاکستان انٹرنیشنل اسکول رحاب کے قائم مقام پرنسپل محمد ذیشان کے دعائیہ کلمات سے ہوا۔
قونصلر جنرل خالد مجید کو پاکستان انویسٹرز فورم کا الوداعیہ
















