Advertisement

میڈ اِن پاکستان ہمارا فخر ہے، عقیل شہزاد آرائیں

پاکستان کی 78 وٰیں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان بزنس فورم جدہ کے صدراور ممتاز کاروباری مقبول شخصیت عقیل شہزاد آرائیں نے تمام پاکستانیوں کے لیے یوم آزادی کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ ہم سب اسی جذبے اور عزم کے ساتھ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرتے رہیں، جس جذبے کے ساتھ ہم نے 14 اگست 1947 کو یہ ملک حاصل کیا تھا۔ بلا شبہ اس جدوجہد کی قیادت بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ نے کی، جنہوں نے اپنی بصیرت اور رہنمائی سے ہمیں ایک آزاد وطن عطا کیا۔ آج ہمارا فرض ہے کہ ہم اس ملک کو مزید مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی پروڈکٹ اور پروڈکشن پر بھرپور توجہ دینی چاہیے۔ “میڈ اِن پاکستان” ہمارا فخر ہے اور اسی کے ذریعے ہمیں دنیا بھر میں وطن کا نام روشن کرنا ہے۔ میں تمام پاکستانیوں کو پیغام دینا چاہوں گا کہ وہ دن رات محنت کر کے پاکستانی مصنوعات کو اس معیار تک پہنچائیں کہ “میڈ اِن پاکستان” عزت و وقار کی علامت بن جائے۔ یہی ہماری ترقی اور کامیابی کا اصل راستہ ہے۔
اوورسیزپاکستانیز خصوصاً سعودیہ میں اور دنیا بھر میں جہاں بھی وہ مقیم ہیں، روحانی طور پر ہمیشہ پاکستان کے ساتھ جڑے رہتے ہیں۔ ان کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ پاکستان کی خوشحالی و بہتری کے لیے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کر رہے ہیں، کیونکہ ان کے نزدیک سب سے پہلے پاکستان ہے۔
عقیل شہزاد آرائیں نے کہا کہ پاکستان کا یومِ آزادی ہم اسی جذبے کے ساتھ مناتے ہیں، جیسے پاکستان میں رہنے والے مناتے ہیں۔ سعودی عرب کے حوالے سے کہنا چاہوں گا کہ یہ برادر ملک ہمارے ساتھ ہمیشہ ایسا ہی سلوک کرتا ہے جیسے اپنا ہی ملک ہو۔ ہم یہاں رہ کر پاکستان کا یومِ آزادی بڑے جوش و جذبے سے مناتے ہیں۔ یہاں ہمارے مسلمان بھائی، سعودی عوام اور حکومت پاکستان کے لیے اپنے نیک جذبات کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ خوشی کا دن دونوں ملکوں کی دوستی کو مزید مضبوط اور پائیدار بنانے کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کاروباری رشتوں کو مزید استوار کر سکتے ہیں۔ میں اپنے پاکستانی بھائیوں سے، جو سعودی عرب میں مقیم ہیں، یہ کہنا چاہوں گا کہ آپ یہاں کے قوانین کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے کاروباری شراکت داری میں فعال کردار ادا کریں۔ سرمایہ کاری نہ صرف سعودی عرب میں کریں بلکہ سعودی عرب سے پاکستان میں بھی سرمایہ کاری لائیں، تاکہ ہمارے تجارتی تعلقات اس حد تک مضبوط ہو جائیں کہ یہ دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن بن سکیں۔
میرا یہی پیغام ہے کہ ہم سب مل کر ایک جان اور ایک دل ہو جائیں۔ پاکستان کی ترقی کے لیے تجارتی سطح پر اپنے آپ کو مزید مضبوط کریں، اور اپنے تعلقات کو بہترین بنیادوں پر استوار کریں۔ یہی وہ راستہ ہے جو ہمارے حال اور مستقبل دونوں کو روشن کر سکتا ہے۔
پاکستانی کمیونٹی سے سب سے پہلے میں یہ عرض کرنا چاہوں گا کہ مجھے یہاں تقریباً پچیس سال ہو گئے ہیں۔ اس دوران میں نے بطور ایک انویسٹر مختلف شہروں میں کام کیا ہے۔ خصوصاً ایم بی ایس وژن 2030 کے تناظر میں میں یہ کہنا چاہوں گا کہ یہاں کے ماحول نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو جس طرح سہولت فراہم کی ہے، اس سے ہمیں قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے کاروبار کو بڑی آزادی کے ساتھ ترقی دینے کا موقع ملا ہے۔
میں یہی کہنا چاہوں گا کہ یہ رشتہ پاکستانیوں کے لیے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے اور ہماری کاروباری برادری کو چاہیے کہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔
بنیادی طور پر ہم نے پاکستان بزنس فورم قائم کیا ہے، جس کا مجھے صدر منتخب کیا گیا ہے۔ اس بزنس فورم نے اُن تمام پاکستانیوں کو دعوت دی ہے جو انویسٹر لائسنس رکھتے ہیں اور اُن پاکستانیوں کو بھی خوش آمدید کہا ہے جو مستقبل قریب میں انویسٹر لائسنس حاصل کرنے جا رہے ہیں یا لینے والے ہیں۔ اس فورم کا مقصد یہ ہے کہ ہم سب کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کریں، تاکہ کاروباری مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکے۔
اس فورم کے اغراض و مقاصد میں سب سے پہلے پاکستانی کاروباری برادری، جو جدہ اور مکہ میں مقیم ہے، اُن کے درمیان موجود کمیونیکیشن گیپ کو ختم کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ فورم کاروباری مواقع فراہم کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کے افراد کو ایک دوسرے کے لیے فائدے کا ذریعہ بننے میں مدد فراہم کرے گا۔
ہم اُن افراد کو سہولت فراہم کرنا چاہتے ہیں جو سرمایہ کاری کے لائسنس لینا چاہتے ہیں، تاکہ انہیں فارغ وقت میں لوکل قوانین سے آگاہ کیا جا سکے، رہنمائی فراہم کی جا سکے اور ان کے لیے مفید روابط قائم کیے جا سکیں۔
ہم پاکستانی کاروباری برادری کو ایک ایسے مقام پر لے جانا چاہتے ہیں جہاں وہ سعودی عربیہ میں اپنا حقیقی اور قابلِ قدر کردار ادا کر سکیں۔
پاکستانی بزنس کمیونٹی ایک دوسرے کو کاروباری مواقع اور لوکل قوانین کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں بغیر کسی رکاوٹ یا کمیونیکیشن گیپ کے مددگار ثابت ہو سکے۔
پاکستان بزنس فورم جدہ کے اغراض و مقاصد ایک نظر میں:
1 پاکستانی کاروباری برادری میں کمیونیکیشن گیپ کو ختم کرنا۔
2 پاکستانی کمیونٹی کو کاروباری مواقع کی رہنمائی فراہم کرنا۔
3 پاکستانی کاروباری برادری کا سعودیہ میں حقیقی کردار مضبوط کرنا۔
4 کاروباری مواقع اور قوانین سے متعلق معلومات کا تبادلہ۔
5 پاکستانی کاروباری تعلقات کو مضبوط بنیاد پر استوار کرنا۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور اپنی تحریر، تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ bisaat.mag@gmail.com پر ای میل کردیجیے۔
error: