میمن ویلفیئر سوسائٹی سعودی عرب (ماسا) کی 13ویں سالانہ تعلیمی تقریب تقسیم ایوارڈز جدہ کے مقامی ہال میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی عزت ماٰب خالد مجید قونصل جنرل پاکستان جدہ تھے۔ جنہوں نے میمن برادری کے ان طلبا و طالبات کی تعلیمی میدان میں لگن اورمحنت کو تسلیم کرتے ہوئے ایوارڈز اور سرٹیفکیٹس سے نوازا۔ تقریب کی نظامت عمران مسقطیہ نے کی ۔
تقریب کی کاروائی کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت مریم فرحان نے حاصل کی۔ زرمین احمد نے ترجمہ پیش کیا۔ نعت رسول مقبولﷺ علی خالد نے پیش کیا۔ ماسا کےصدر وسیم عبدالرزاق تائی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ کامیاب طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی اور ان کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہا۔
جنرل سکریٹری صادق سورٹھیا نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ علم کے بغیرعمل بے معنی ہے اورتعلیم کے بغیر شخصی ترقی ادھوری ہے۔ مہمان خصوصی قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے پُروقارتقریب کے انعقاد پرخوشی کا اظہارکرتے ہوئے ماسا کے عہداداران اور اراکین کو مبارکباد دی۔ کامیاب طالب علموں کی حوصلہ افزائی اور مستقبل میں ان کی ترقی کے لئے دعا کی۔ انھوں نے تالیوں کی گونج میں ماسا کے سرگرم رضا کار خالد اسکندر کو ان کی سماجی اور فلاحی خدمات پر2025 کا عبدالستارایدھی ایوارڈ پیش کیا۔
قونصل جنرل نے اپنے خطاب میں قونصلیٹ اوراپنی جانب سے بھرپورتعاون کا اعادہ بھی کیا۔ اس موقع پرقونصلیت افسران ، پریس قونصلر محمد عرفان اور عملہ کے دیگر ممبران بھی موجود تھے۔ تقریب میں ورلڈ میمن آرگنائزیشن کے بانی لیجنڈری عبدالرزاق یعقوب (اے آر وائی) کی صاحبزادی شبانہ عبدالرزاق اورکامران غنی نے دبئی سے بطور مہمانِ خاص شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر صدر، نائب صدر، اور جنرل سکریٹری نے تمام اسپانسرز اور میڈیا کے نمائندوں کے تعاون کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔
میمن ویلفیئرسوسائٹی سعودی عرب (ماسا) کی سالانہ تعلیمی تقریب تقسیم ایوارڈز
















