پاکستان بزنس فورم کی 18-19 جنوری کو ہونے والی میرا برانڈ پاکستان نمائش ہر پہلو سے ایک کامیاب نمائش ثابت ہوئی، لیکن اس کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ اس کے نتیجے میں صرف تاجروں کو فائدہ نہیں ہوا ہے ایک قومی جذبہ ہروان چڑھا ہے اپنے ملک کی مصنوعات کے فروغ کا جذبہ ، سب سے بڑھ کر نئے برانڈز کو پلیٹ فارم ملا ہے ،میرا برانڈ پاکستان کے بارے میں محض کامیابی کی اصطلاح نہیں استعمال کی جاسکتی ،بلکہ اس نے ایک جمود کو توڑا ہے ،ایک منفی لہر کو روک کر نئی امید پیدا کی ہے ، ایک اندازے کے مطابق اس دوروزہ نمائش میں ملک کے صف اول کے پچاس سے زیادہ بڑے برانڈز نے شرکت کی اور نہ صرف خود کاروبار کیا بلکہ چھوٹے اور نئے برانڈز کو تربیت بھی دی، ان کو مارکیٹنگ، پیکیجنگ وغیرہ سکھائے۔ اس دوران سوا ارب کے ایڈوانس سودے ہوئے ہیں کروڑوں روپئے کی نقد خریدو فروخت ہوئی ہے۔رمضان تک کے لئیے ایڈوانس سودے ہوگئے۔
اس کامیاب میرا برانڈ پاکستان کے نتیجے میں سب سے اہم بات یہ نہیں ہے کہ بزنس کرنے والوں کو خوب بزنس ملا یا کروڑوں روپئے کے سودے ہوئے۔ بلکہ اس میں نوجوانوں کو حوصلہ ملا ہے ، ان کو یہ پیغام ملا کہ ملک میں بہت کچھ رکھا ہے صرف ملک سے باہر جاکر مستقبل نہیں سنوارا جاسکتا بلکہ مواقع یہاں بھی موجود ہیں۔
اس ایونٹ کی کامیابیوں میں نوجوانوں کے لئیے یہ پیغام ہے کہ اس سال پاکستان بزنس فورم نے 2025 کو ایس ایم ایز کا سال قرار دیا ہے یہ پورے ملک کے لئیے فیصلہ ہے ،اسی طرح پورے ملک میں ینگ بزنس فورم بھی قائم کیا گیا ہے ، اسی طرح ملک میں جہاں جہاں بزنس فورم کے چیپٹرہیں وہاں ایس ایم ایز کو ٹریننگ ورکشاپ سیمینارز ویبینار کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،بزنس فورم نے پیغام دیا ہے کہ نوجوانوں کے لئے 25 کروڑعوام کی مارکیٹ منتظر ہے انہیں ملازمت کی لائنوں اور بیرن ملک جانے والی لائنوں میں لگنے کی ضرورت نہیں ہوگی ، صرف گزشتہ میرا برانڈ نمائش کی مثال لیں تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ گزشتہ سال کسی نام کے بغیر چیزیں فروخت کرنے والوں نے ایک سال میں اپنا برانڈ بنالیا ہے ،اپنی پیکیجنگ کے ذریعہ جگہ بنائی ہے ، بزنس میں پیکیجنگ کی اہمیت سے ہر بزنس مین واقف ہے اور نئے لوگوں نے یہ کام خوب کیا ہے، اور بڑے برانڈز نے چھوٹے برانڈز کو اٹھانے میں مدد دی ۔
اس ایکسپو میں یہ بھی ہوا کہ عوام کو اپنے ملک کے بہت سے برانڈز سے تعارف حاصل ہوا لوگ پاکستانی برانڈز کو تلاش کرتے تھے انہیں یہاں آکر در مطلوب مل گیا ۔مقامی برانڈ والوں نے اپنی مصنوعات کےلئیے درآمد کردہ مصنوعات ترک کرکے پاکستان میں خام مال تیار کرنا شروع کیا اس طرح ملک کا زرمبادلہ بھی بچ رہا ہے اور بزنس مین کو فائدہ بھی ہورہا ہے اور اب وہ برآمد کی طرف جارہے ہیں اس طرح مزید کامیابی ہوگی اور زر مبادلہ بچانے کے ساتھ زر مبادلہ کماکر بھی لائیں گے ۔
لوگوں کے لیے یہ اطلاع بھی اہم ہے کہ ہمادی ضرورت کی چیزیں جو پہلے بیرون ملک سے آتی تھیں اب وہ پاکستان ہی میں تیار ہورہی ہیں ۔
اس میرا برانڈ پاکستان نمائش میں شریک تمام اداروں کو بزنس فورم کا ممبر بنالیا گیا ہے اس طرح یہ قافلہ بھی اب میرا برانڈ پاکستان کی فوج بن گیا ہے۔
ایکسپو میں شرکت کرنے والی کمپنیز میں ، نیشنل، ڈالر، شیلڈ، اورو، ینگز، شنگریلا ،مارننگ فریش،صوفی سوپ ، الخدمت ،پی اوبی، اوساکا، الہدیٰ ٹریولز ، درویش پان مسالہ، یونائیٹڈ کنگ، ڈان، کوئس ،ڈکس ،چائے کے برانڈز ،واشنگ پاوڈرز پلاسٹک کی مصنوعات سمیت بہت سی کمپنیاں شریک ہوئیں۔ نمائش میں اس مرتبہ ڈھائی لاکھ لوگ شریک ہوئے، اس سے قبل یہ تعداد سوالاکھ تھی ۔غرض کمپنیوں کی تعداد، عوام کی شرکت اور کاروباری سرگرمیوں، ہر اعتبار سے میرا برانڈ پاکستان ایک کامیاب ترین نمائش رہی۔ اس میں اسٹالز اور دیگر ذرائع سے حاصل آمدنی کو پاکستان بزنس فورم نے غزہ فنڈ میں دے کر اپنا وعدہ پورا کردیا۔
میرا برانڈ پاکستان نے جمود توڑ کر اُمید کا چراغ روشن کردیا
