Advertisement

بساط انٹرنیشنل کی 20 ویں سالگرہ پر سعودی عرب میں مقیم اہلِ وطن کے تاثرات

ماہنامہ بساط انٹرنیشنل کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پرسعودی عرب میں مقیم ادبی، سماجی، ثقافتی اور دینی شخصیات نے بساط کےسرپرست اعلیٰ سید مظفراعجاز، چیف ایڈیٹر محترمہ راشدہ انجم اور ان کی پوری ٹیم کومبارکباد پیش کرتے ہوئےجن تاثرات کا اظہارکیا وہ قارئین کی خدمت میں پیشِ ہیں۔
محمدعامل عثمانی، سینئر صحافی
(مکہ مکرمہ)
برصغیر پاک و ہند میں علمی و ادبی خدمات کے تناظر میں رسائل و جرائد کی کلیدی اہمیت رہی ہے، مگر عہدِ حاضر میں ٹیکنالوجی اور مہنگائی کے سبب رسائل و جرائد اکثر بند ہی ہونے لگے۔ لیکن سابقہ دنوں کے میرے اردو نیوز جدہ کے دوست معروف صحافی برادرمظفراعجازنے ان مذکورہ حالات کے باوجود جرات کا مظاہرہ کرتے ہوے صحافت کے میدان میں ایک نیا میگزین” بساط” نام سے متعارف کرادیا۔ اکثر لوگوں کے حوصلے پست ہوجاتے ہیں لیکن میرے دوست کے پرعزم ارادے نے اسے ابھی تک جاری رکھا ہوا ہے۔ بلکہ یہ اپنے رنگین اور خوبصورت صفحات کے ساتھ خوب سے خوب تر ہوتا جارہا ہے۔ مجھے فخرہے کہ اردو صحافت میں یہ چراغ روشن ہے اور قارئین اس سے مستفید ہوتے جارہے ہیں۔ میں یہاں یہ بھی ذکر کرتا جاؤں کہ تقریبا 20 سال قبل مقبوضہ کشمیر کے بہت ہی معروف رہنما سید علی گیلانی صاحب مکہ مکرمہ تشریف لائے تھے تو ان کی تشریف اوری کی خبر برادر مظفر اعجاز تک بھی پہنچی اور انہوں نے مجھ سے رابطہ کیا اور خواہش کا اظہار کیا کہ علی گیلانی صاحب سے انٹرویو ہمارے میگزین بساط کے لیے بھیجیں.، الحمدللہ میں نے اس انٹرویو کا اچھا خاصا مواد بھیجا اور وہ انٹرویو بڑے عمدہ صحافتی پیرائے میں شائع ہواتھا جسے قارئین میں بہت پذیرائی ملی تھی-میری دعا ہے کہ یہ بساط اسی معیاری انداز میں مزید ترقی کرے اور عوام الناس خوب سے خوب تر مقبول ہوتا رہے – – یقینا یہ میگزین اردو بولنے اور سمجھنے والوں کے لئے اہمیت کا حامل ہے۔امین۔
ڈاکٹر محمد لئیق اللہ خان
ڈیجیٹل میڈیا کے دور میں ماہنامہ بساط مئی 2005 سے رسائل و جرائد کی دنیا میں نئے رنگ وانداز سے اپنی شناخت منوا رہا ہے ۔
“ادھوری آزادی ” کے مصنف ،خاص اسلامی ذھن کے علمبردار صحافی ، اُردو نیوز جدہ ،سعودی عرب میں ھمارے سابق رفیق کار مظفر اعجاز کی سرپرستی میں شائع ہونے والا رسالہ ( پرنٹ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم) پر اپنے مقامی ، علاقائی اور بین الاقوامی مضامین ، تحقیقاتی رپورٹوں خصوصا پاکبانوں کی سرگرمیوں پر مشتمل خبروں کا انتخاب پیش کرکے ادھورے رسائل کے بجائے مکمل رسائل کی کہکشاں میں اپنا نام سرفہرست لانے کے لیے کوشاں ہے ۔ ماہنامہ بساط انٹرنیشنل بچوں ، بڑوں اور خواتین کو دینیات ، سیاسیات ، سماجیات ، معاشیات ، ثقافت ،سیاحت اور زندگی کے مختلف شعبوں میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والوں کی آپ بیتیوں کے مطالعہ کا عادی بنارہا ہے ۔
اس مختصر سی تحریر میں قارئین کے سامنے اس مشہور اور معیاری ماہنامے کا تعارف میرا مقصد نہیں ہے ۔
برادر عزیز مظفر اعجاز کی پرعزم شخصیت بساط انٹرنیشنل رسالہ مستقل مزاجی کے ساتھ شائع کرنے پر مبارکباد کی مستحق ہے ۔
مظفر اعجاز مزاجا ” مکمل کام ” کے دلدادہ ہیں ، رسالہ پرنٹ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر شائع کرنا اور ملکی وبین الاقوامی پہلوؤں کی عکاس تحریروں پر توجہ مرکوز کرنا اس کا روشن ثبوت ہے ۔
اصلاحی و تربیتی مضامین، ادبی وفکری تحریروں ، خواتین اور بچوں سمیت سب کے لیے مستقل کالم ، معلومات اور رپورٹیں تسلسل کے ساتھ شائع کرنے پر مظفر اعجاز اور انکی ٹیم کو 20 ویں سالگرہ مبارک ہو ۔
مذاھب عالم، فرقوں، مسالک اور تحریکوں پر انسائیکلوپیڈیا (دار السلام) ہمیں ہدایت کیسے ملی، قرآن وسنت کے سائنسی اعجاز ، اسلام، عالمی برادری اور سعودی عرب دہشت گردی کے تعاقب میں سمیت دسیوں کتابوں کے مصنف اور 45 سال سے زائد عرصے سے صحافت سے منسلک )
محمد عدیل (جدہ)
ماہنامہ بساط انٹرنیشنل کے 20 سالہ شاندار صحافتی سفر کی تکمیل پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ دو دہائیاں کسی بھی اشاعتی ادارے کے لیے ایک بڑا سنگِ میل ہوتی ہیں، اور بساط نے یہ سفر غیر معمولی جستجو، فکری بلندی اور صحافتی وقار کے ساتھ طے کیا۔ بساط نے ہمیشہ سچ، ثقافت، ادب، دین اور قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے قلم کو امانت سمجھ کر استعمال کیا۔ یہ رسالہ نہ صرف ایک ادبی و فکری پلیٹ فارم ہے بلکہ نوجوان نسل کے لیے ایک فکری رہنمائی کا ذریعہ بھی ثابت ہوا ہے۔ ادارہ بساط اور اس کی ٹیم کی مسلسل محنت، خلوص اور پیشہ ورانہ وابستگی قابلِ تحسین ہے۔ ہم دعا گو ہیں کہ ماہنامہ بساط انٹرنیشنل آئندہ بھی اسی عزم اور وقار کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھے، اور علم و آگہی کی شمع روشن کرتا رہے۔
سید محمود معین الدین (جدہ)
ماہنامہ بساط انٹرنیشنل کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پرپوی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ جن کی محنت سے میگزین کو چار چاند لگ رہا ہے۔میری دعا ہے یہ معاشرے میں ایسا فعال کردار ادا کرے جس سے لوگ دنیا اور آخرت کی کامیابیاں سمیٹ پائیں۔
انجینئر نوید الرحمن (الریاض)
ماہنامہ بساط انٹرنیشنل صحافت کی دنیا میں ایک قابل ذکر کردارادا کررہا ہے۔جس سے قارئین کی دلچسپی دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔یہاں تک کہ تمام طبقہ فکر کےلوگ میگزین کا بڑی شدت سے انتظار کرتے ہیں۔ بساط انٹر نیشنل نے تھوڑے ہی عرصہ میں مقبولیت کی بلندی چھو لیا ہے۔ بساط کی انتظامیہ کو میری طرف سے بھر پور مبارکباد ۔امید کرتے ہیں کہ میگزین میں مزید اچھا اور معلوماتی مواد پیش کیا جائے گا تاکہ پڑھنے والوں کی دلچسپی برقرار رہے۔
انجینئرسجاد خان (جدہ)
ممتاز سیاسی اور سماجی شخصیت ، جمیعت علماء اسلام سعودی عرب کے مرکزی فنانس سیکریٹری اور جدہ کے جنرل سکریٹری اپنی طرف سے، اپنی جماعت اور دوستوں کی طرف سے بساط کی 20 ویں سالگرہ پر پوری ٹیم کودل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس عرصہ کے دوران بساط نے قابل تعریف رپورٹنگ اور مضامین شائع کئےہیں جس کے لئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
سید شہاب الدین (جدہ)
کراچی سے شائع ہونے والا معیاری تحقیقاتی جریدہ ماہنامہ بساط انٹرنیشنل کے بیس سالہ سفر کی تکمیل پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد ہے۔ دو دہائیوں پر محیط یہ علمی و فکری کارواں بلا شبہ عزم و اخلاص کی روشن دلیل اور ثابت قدمی کی مثال ہے۔ ماہنامہ بساط کی اس کامیابی میں مدیران، مجلس ادارت، مجلس مشاورت، قلمی معاونین سمیت دیگر تمام اراکین و منتظمین کی محنت قابل ستائش ہے ۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ یہ علمی و ادبی سفر یوں ہی جاری رہے اور کامیابیوں کی نئی بلندیاں طے کرتا رہے۔
ممتازاختر کاہلون
میں ماہنامہ بساط انٹرنیشنل میگزین کو 20 ویں سالگرہ پر دل کی اتھا ہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ میگزین اسلامی اور ہماری روایات کا امین ہے اور پاکستان کےلئے بہت ہی مفید اور اس وقت کی جو زرد صحافت ہے اس ایک چراغ کے مانند ہے۔میں اس کو سلوٹ پیش کرتا ہوں اور دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ملک علی خورشید سلطان
چیئرمین، کبابش آرٹس کونسل جدہ نے دل کی گہرائیوں سے بساط انٹرنیشنل کی 20ویں سالگرہ کی تہ دل سے مبارکباد پیش کی۔ یہ نہ صرف ایک شاندار سنگ میل ہے بلکہ ادب، ثقافت اور فنونِ لطیفہ کی خدمت میں اس میگزین کی غیرمعمولی کامیابی کا بھی مظہر ہے۔
آفتاب ترابی
صدر، کبابش آرٹس کونسل جدہ و صدر حلقہ ء فکر و فن جدہ ریجن، میں بساط انٹرنیشنل کی 20 ویں سالگرہ پر پُرخلوص مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ بساط میگزین نے ہمیشہ علم و ادب کے میدان میں نئی راہیں متعارف کروائی ہیں۔ اس کے صفحات میں تخلیقی افکار، شعری ذوق، اور تنقیدی بصیرت کی جھلکیاں ہمیشہ نمایاں رہی ہیں۔ یہ میگزین نہ صرف ادب کے قدردانوں کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے بلکہ نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے تخلیقی سفر کو بھی پروان چڑھاتا ہے۔
ڈاکٹر سمیرہ عزیز
(سعودی میڈیا لیڈی)
بساط انٹرنیشنل میگزین کے سرپرست سید مظفراعجاز، چیف ایڈیٹر راشدہ انجم اور ان کی پوری ٹیم کو میگزین کی 20ویں سالگرہ مبارک ہو۔ اس عرصہ میں میگزین نے ادبی معیار اور تنوع کو برقرار رکھتے ہوئے عالمی سطح پراردو زبان و ادب کو فروغ دینے میں جو کردار ادا کیا ہے، وہ بے مثال ہے۔ یہ میگزین اپنی تحریروں کے ذریعے قارئین کو نہ صرف علم و آگہی فراہم کرتا ہے بلکہ انہیں غور و فکر کی نئی جہات سے روشناس بھی کرواتا ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور اپنی تحریر، تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ bisaat.mag@gmail.com پر ای میل کردیجیے۔
error: