اوساکا (جاپان)، 12 اکتوبر 2025 – پاکستان نے جاپان کے صنعتی مرکز اوساکا میں جاری عالمی نمائش ایکسپو 2025 میں غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو بین الاقوامی اعزازات اپنے نام کر لیے ہیں۔ یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہے بلکہ عالمی سطح پر اس کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں ایک اہم سنگِ میل بھی ہے۔
برونز ایوارڈ برائے نمائش
پہلا اعزاز برونز ایوارڈ کی صورت میں پاکستان پویلین کو دیا گیا، جو بیورو انٹرنیشنل دی ایکسپوزیشنز (BIE) کی جانب سے ایک خصوصی تقریب میں پیش کیا گیا۔ یہ ایوارڈ پاکستان پویلین کے کمشنر جنرل اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے ڈائریکٹر جنرل محمد نصیر نے وصول کیا۔
ایڈیٹرز چوائس ایوارڈ
دوسرا اعزاز ایڈیٹرز چوائس ایوارڈ ہے، جو عالمی ادارے Exhibitor Online نے پاکستان کو تخلیقی صلاحیت، ڈیزائن اور ثقافتی نمائندگی میں شاندار کارکردگی پر دیا۔ پاکستان کا پویلین اپنی جدت اور جمالیاتی حسن کے باعث دیگر ممالک کے درمیان نمایاں رہا۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان پویلین کا رقبہ صرف 53 مربع میٹر تھا، لیکن اس کے باوجود اسے اب تک 17 لاکھ سے زائد زائرین نے دیکھا ہے۔ جاپانی اور بین الاقوامی مہمانوں نے پویلین کے ڈیزائن، ثقافتی تنوع اور تعمیراتی خوبصورتی کو بے حد سراہا۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے محمد نصیر نے کہا کہ
“یہ کامیابی کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ پوری ٹیم کی اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ اس کا کریڈٹ وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان، سیکریٹری کامرس جواد پال، TDAP، اور تمام افسران و عملے کو جاتا ہے جنہوں نے محنت اور لگن سے یہ کامیابی ممکن بنائی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اس کامیابی میں نورجہاں بلگرامی اور تھیم کمیٹی کا فنکارانہ وژن اور رہنمائی کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، جن کی بدولت پاکستان کی ایک نئی اور متاثر کن تصویر دنیا کے سامنے پیش کی گئی
اوساکا ایکسپو 2025 میں دوہری کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اپنی تخلیقی صلاحیت، قومی جذبے اور ٹیم ورک کے ذریعے کسی بھی عالمی فورم پر نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کے ثقافتی اور تجارتی تشخص کو اجاگر کرتی ہے بلکہ آئندہ عالمی شراکت داریوں کے لیے نئے دروازے بھی کھولتی ہے۔
پاکستان زندہ باد
پاکستان جاپان دوستی
پائندہ باد
















