سعودی دارالحکومت الریاض میں یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے کے کے پروڈکشن کے زیرِ اہتمام “ہمارا پاکستان ” کے عنوان سے پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانانِ خصوصی شہزادہ عبدالعزیز بن متعب آل سعود اور سفیر پاکستان احمد فاروق تھے۔ چیئرمین کے کے پروڈکشن خرم خان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔
تقریب میں کمیونٹی کی ممتاز سماجی، سیاسی اور کاروباری شخصیات کے ساتھ ہرمکتبہ فکر کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ مکہ المکرمہ کے معروف بزنس مین حاجی عثمان عبدالحمید، ابو شداد، گل خان اور جدہ سے چیئرمین یونائیڈ میڈیا فورم جہانگیر خان، صدر پاکستان اوورسیز میڈیا فورم شعیب الطاف بھی خصوصی طور پر تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب میں یوم آزادی کے موقع پر بچوں کے ٹیبلو اور ملی نغمے پیش کیے گئے، جبکہ ہال کو سبز ہلالی پرچموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ یہ جشن ہماری یکجہتی، حب الوطنی اور پاکستان کی ترقی کے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی خوشخالی کے لیے کمیونٹی کے فرد کو اپنے حصے کا کردار اداکرنا ہوگا۔ بلاشبہ وطن کی محبت ایمان کا حصہ اور اسکی فلاح وبہبود ہم سب کی ذمہ داری ہے، تقریب میں معروف سنگر نعیم سندھی نے ملی نغموں سے عوام کے دلوں کو موہ لیا۔ اس موقع پر یوم پاکستان کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا جبکہ کمیونٹی کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزازی شیلڈزسے بھی نوازا گیا۔ سارہ خان ، ڈاکٹر قدرت ،مدیحہ ،تنویر، ارمان خان ، محمد وقاص ، محمد وقار ودیگر شامل تھے۔
















