جبیل میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کے مختلف صنعتی شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کی موجودگی میں پاکستان انوسٹر فورم دمام ریجن کا باضابطہ قیام عمل میں آیا۔
اجلاس میں شرکاء کی متفقہ رائے سے راجہ طالب کیانی کو صدرجبیل اورچوہدری آفتاب جاوید کو جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا۔ تقریب سے منتخب صدرراجہ طالب کیانی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داری بھرپور طریقے سے نبھانے کی کوشش کریں گے اور جبیل شہر کی پوری بزنس کمیونٹی کو ساتھ لے کر آگے بڑھیں گے راجہ طالب کیانی نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی بزنس کمیونٹی پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے جنرل سیکرٹری چوہدری آفتاب جاوید کا کہنا تھا ہمارا مقصد پاکستانی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا اور دیار غیر میں پاکستان کا نام روشن کرنا ہے اس موقع پر پاکستان سے آئے راجہ غلام حسین کیانی ایڈووکیٹ نے خصوصی شرکت کی انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایگزیکٹیو فورم ، انوسٹر فورم کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا اور ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ پاکستانی بزنس کمیونٹی کی خدمت کی جا سکے۔ پروگرام میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کی ممتاز شخصیات، جن میں کامران علی قریشی، ملک اظہر حسین، زاہد منشاء، محمد وسیم سرور، محمد امجد، عمر نفیس، ندیم ملک، اشتیاق ہاشمی اور شکیل احمد کیانی اورزبیرچوہدری بھی شامل تھے۔ شرکاء نے منتخب نمائندوں کو مبارکباد پیش کی اور ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ انوسٹر فورم پاکستانی معیشت کو مضبوط کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی۔
















