کمانڈنگ آفسر کیپٹن علی رضا کی قیادت میں پاک بحریہ کا جنگی جہاز پی ” این ایس خیبر” خیرسگالی دورہ پر جدہ انٹر نیشنل اسلامک پورٹ پہنچ گیا۔ مقامی اردو اخبار کے مطابق قونصل جنرل پاکستان سید مصطفی ٰ ربانی، پاکستانی اورسعودی کیمونٹی کی معزز شخصیات، سعودی رائل نیول فورس کے افسران اورقونصلیت جنرل پاکستان جدہ کے افسران کو پاک بحریہ کے نئے جہاز کی مختلف صلاحیتوں اور پہلوؤں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
اس سے قبل پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ’حنین‘ اور پی این ایس’ یمامہ‘ نے بھی جدہ اسلامک پورٹ کا دورہ کیا تھا۔ جہاز کے کمانڈنگ آفیسر کیپٹن علی رضا نے قونصل جنرل سید مصطفی ربانی، رائل سعودی نیول فورس کے افسران، قونصلیٹ افسران، سعودی تاجروں اور کمیونٹی ارکان کا خیرمقدم کرتے ہوئے جہاز کے عرشہ پرایک پُروقار استقبالیہ ڈنر کا اہتمام کیا اور پاک سعودی فرینڈ شپ کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔
کمانڈنگ آفیسر نے اپنے خیرمقدمی خطاب میں کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات سیاسی، سفارتی، اقتصادی، عسکری اور ثقافتی سمیت تمام شعبوں میں قائم ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب مسلم دنیا میں پائیدار دفاعی شراکت داری کو برقرار رکھتے ہیں۔ حال ہی میں ایک اسٹریٹیجک دفاعی معاہدہ بھی کیا گیا ہے جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات آنے والے دنوں میں نئی بلندیوں تک پہنچیں گے۔ پاک بحریہ کے نئے جہاز کا دورہ سعودی عرب دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ سفارتی اور بحری تعلقات کو مزید فروغ دینے کا موقع فراہم کرے گا۔
پی این ایس خیبر اسٹیٹ آف آرٹ نیول یونٹ ہے۔ یہ سمندر کے اندر، سمندر کے اوپر اور فضا میں دشمن کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کا بنیادی کام سب میرین کو تلاش کرنا اور مقابلہ کرنا ہے۔ یہ جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہے۔ پی این ایس خیبرحال ہی میں ترکی سے لیا گیا ہے اور یہ اسکا پہلا دورہ ہے۔ پی این ایس خیبر جدید دورُ کے تقاضوں کے مطابق مکمل جنگی صلاحیت رکھتا ہے، اورحضرت علی کرم اللہ وجہہ رضی اللّٰہ تعالیٰ کےفتح کردہ قلعہ خیبرمدینہ المنورہ کی مناسبت سے اسکا نام پی این ایس خیبر رکھا گیا ہے۔
پی این ایس خیبر استنبول شپ یارڈ میں تعمیر کیے جانے والے چار آف شور جہازوں میں سے دوسرا جہاز ہے۔ اسے جنوری 2026 میں پاکستان بحریہ کے حوالے کیا گیا۔ جدہ آمد سے قبل پی این ایس خیبر نے ترکیہ کی نیول بیس گُل چک کا دورہ کیا۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 2018 میں چار ملجم کلاس جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ طے پایا تھا۔ ان میں سے ترکیہ میں دو جنگی بحری جہاز بابر اور خیبر مکمل کیے جا چکے ہیں۔ باقی دو جہاز پاکستان میں تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ اس میں ایک لیڈنگ جہاز پی این ایس بدر اور دوسرا پی این ایس طارق ہے۔ قونصل جنرل پاکستان سید مصطفیٰ ربانی نے کپٹن علی رضا اورجہاز کے عملہ کی کی طرف سے ضیافت کا شکریہ ادا کیا۔
















