پاکستان بزنس فورم کراچی کے عہدیداران نے اپنے اجلاس میں میرا برانڈ پاکستان کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس نمائش کے نتیجے میں ہونے والی آمدنی سے الخدمت غزہ ریلیف کے لیے چار ملین روپے کا چیک الخدمت کے حوالے کیا۔ اجلاس میں عطیہ دہندگان کی کاوشوں کو سراہا گیا اور مستقبل میں فنڈ ریزنگ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں میرا برانڈ پاکستان فیملی ایکسپو کی رپورٹ پر غور کیا گیا، جسے مالی اور انتظامی لحاظ سے قابل اطمینان قرار دیا گیا۔ صدر پی بی ایف کراچی، سہیل عزیز نے ایونٹ کی کامیابی، مالی کارکردگی اور شرکت کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں آئندہ نمائشوں میں آمدنی میں اضافے اور لاگت میں کمی کے لیے مختلف حکمت عملیوں پر بھی گفتگو کی گئی۔
علاوہ ازیں، بین الاقوامی ایکسپوز میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا اور بین الاقوامی چیمبرز اور بزنس فورمز کے ساتھ ممکنہ تعاون پر غور کیا گیا۔ اس سلسلے میں مصر میں ہونے والی آئی بی ایف کانفرنس میں پاکستان بزنس فورم کا وفد بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
میرا برانڈ پاکستان کی ڈیجیٹل پورٹل پر اپ ڈیٹس پیش کی گئیں، جن میں صارفین کی بہتر رسائی اور ان کی مصروفیت کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔
پاکستان بزنس فورم کراچی کے خیراتی اور فلاحی اقدامات کے تحت جامعہ حنیفیہ کے دورے کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا اور جامعہ حنیفیہ سعود آباد کے لیے زکوٰۃ اور صدقات کی مہم پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس کے علاوہ، فاران کلب میں کارپوریٹ سیکٹر کے لیے رمضان کے خصوصی پروگرام کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں اسلام آباد، گوجرانوالہ اور کراچی کے درمیان کاروباری مواقع کو وسعت دینے اور پی بی ایف کراچی چیمبر کے پلیٹ فارم پر اقتصادی و تجارتی پالیسی سازی میں بھرپور کردار ادا کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان بزنس فورم کراچی کے جنرل سیکریٹری عامر رفیع، قمر عثمان، عرفان احمد اللہ والا، سید شکیل ہاشمی، میجر عبدالواحد غوری، سید عمیرالدین اور دیگر معزز عہدیداران نے شرکت کی۔