سعودی عرب میں پاکستان مسلم لیگ ن کے سرپرست اعلیٰ چوهدری مجید کی جانب سے6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی لندن سے آئے مہمان چوهدری رمضان نے افواجِ پاکستان کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وسیم خان کی رپورٹ کے مطابق تقریب سے میزبان چوہدری مجید نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کا دن ہماری قومی تاریخ کا ایک سنہری اور روشن باب ہے کیونکہ اس دن افواجِ پاکستان نے دشمن کے ناپاک عزائم کو جرات و بہادری کے ساتھ ناکام بنا کر پوری دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستانی قوم زندہ و جاوید ہے اور اپنے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ہم اپنے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے جنہوں نے اپنے آج کے لیے اپنا کل قربان کیا۔ وطنِ عزیز کے دفاع اور سلامتی کی خاطر پاک فوج کی لازوال قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ تقریب سے خالد اکرم رانا , رانا اسلم یاسین , راجه یعقوب، طارق باجوه منصؤر محبوب، زاہد سندھو اور ناصر محمود نے کہا کہ شہداء اور غازیانِ ملت مادرِ وطن کی حرمت کے محافظ ہیں جنہوں نے بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں۔ انہوں نے شہداء کے خاندانوں کو بھی سلام اور خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنے پیاروں کو وطن پر قربان کیا۔ انہوں نے کہا 1965 کی جنگ میں پوری قوم اور مسلح افواج ایک چٹان کی مانند دشمن کے سامنے ڈٹ گئے تھے۔ دشمن کی جارحیت کے مقابلے میں پوری قوم اپنے محافظانِ وطن کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں، پائلٹوںاور افسروں نے وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرکے دنیا کو حیران کردیا۔ انکا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور ہماری باہمت قوم اپنے بہادر سپاہیوں کے ساتھ ہرمحاذ پر کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع، سلامتی اور بقا کے تحفظ کے لیے ہم ہر لمحہ اور ہر قیمت پر پُرعزم اور تیار ہیں۔ یومِ دفاع پاکستان ہمیں اس عہد کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہم اپنے قومی ہیروز، شہداء، غازیوں اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔ افواجِ پاکستان زندہ باد ۔ پاکستان پائندہ باد۔
سرپرست اعلیٰ ن لیگ چودھری مجید کی جانب سے یوم دفاع پاکستان کی تقریب
















