پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کےحوالے سے الریاض میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت پی پی الریاض ریجن کے صدر حسن عباسی نے کی۔
مہما ن خصوصی پی پی سعودی عرب کے مرکزی جنرل سکرٹیری سردار محمد رزاق خان اور اعزازی مہمان پی وائی او سعودی عرب کے صدر اعجاز رحیم تھے۔ نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری ریاض ریجن رانا عدیل اکبر نے ادا کیے۔
اس موقع پر مہمان خصوصی نے کہا کہ 30 نومبر 1967کوپیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی، آج ہم تجدید عہد کرتے ہیں۔کنونشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے نام کی منظوری دی گئی جس میں سرخ سبز سیاہ رنگوں پر مشتمل پارٹی پرچم کی منظوری دی گئی۔ سرخ رنگ انقلاب سیاہ سرمایہ داروں کے استحصال اور سبز اسلام کی ترجمانی کرتا ہے۔ آئندہ وزیراعظم بلاول بھٹو ہوں گے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ پیپلز پارٹی میں شامل ہو جائیں۔
صدر پی پی ریاض ریجن احسن عباسی نے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسلام ہمارا دین ہے، جمہوریت ہماری سیاست، سوشلزم معیشت ہے اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔ نوجوانوں اور محنت کشوں نے بھٹو کا ساتھ دیا اور پی پی پی نے جنرل ایوب اور جنرل یحییٰ کی آمریت کا خاتمہ کیا۔ اعزازی مہمان اعجاز رحیم نے کہا کہ متحد ہو کر پارٹی کے لیے کام کرنا ہے۔
سینئر نائب صدر پی پی ریاض ریجن وسیم ساجد نے کہا کہ قائد اعظم نے پاکستان بنایا، بھٹو نے اسے ایٹمی طاقت بنایا۔ 93ہزار جنگی قیدیوں کو بھارت سے آزاد کرایا اور قوم کو 1973 کا متفقہ آئین دیا ۔ مرکزی نائب صدر پی پی سعودی سردار محمد نصیر خان نے کہا کہ بھٹو نے قادیانوں کا 90 سالہ پرانا مسئلہ حل کیا۔ قوم کو سیاسی شعور دیا اور جان قربان کرکے پی پی کو لازوال بنا دیا۔
جنرل سیکرٹری پی پی مڈ ل ایسٹ خواتین ونگ فرح احسن نے کہا کہ بھٹو جیسے لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے جنرل سیکرٹری پی پی ریاض ریجن رانا عدیل اکبر نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں کہ عدل و انصاف پر مبنی نیا نظام قائم ہو۔ مرکزی رہنما پی پی سعودی عرب سفیر حیدر نے تمام شرکا کو مبارکباد دی۔ ہدایت اللہ خان ایڈیشنل جنرل سیکرٹری نے کہا کہ پارٹی میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ شامل کیا جائے۔ قریب اللہ خان نے تمام دوستوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی پر مبارک باد دی۔
پی پی کے یوم تاسیس پر سعودی دارالحکومت ریاض میں تقریب
















