سعودی عرب میں بزنس کمیونٹی کے فروغ اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک نیا اور منفرد پلیٹ فارم سعودی عرب پروفیشنل ایگزیکٹیو فورم کیا قیام عمل میں آگیا ۔
یہ فورم نہ صرف پاکستانی بلکہ چین، سعودی عرب اور دیگر ممالک کے بزنس مینوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر لانے کی کامیاب کوشش ہے،فورم کی بنیاد ممتاز بزنس مین رانا کاشف نے رکھی ،جبکہ انکا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد بزنس کمیونٹی کو باہمی رابطے، رہنمائی اور مواقع کی فراہمی کے ذریعے آگے بڑھنے کے لیے مواقع فراہم کرنا ہے۔
ریاض کے ایک مقامی ہوٹل میں فورم کی پہلی باضابطہ تقریب منعقد ہوئی جس میں بزنس کمیونٹی، میڈیا اور مختلف ممالک کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں فورم کے اغراض و مقاصد، مستقبل کے منصوبے اور کمیونٹی کے لیے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فورم کے چیئرمین رانا کاشف نے کہا پروفیشنل ایگزیکٹیو فورم روایتی بزنس پلیٹ فارمز سے ہٹ کر ایک ایسا نیٹ ورک ہے جو سعودی عرب میں مقیم کاروباری شخصیات کو نہ صرف تعاون فراہم کرے گا بلکہ جاب لیس اور باصلاحیت افراد کو بھی ان کی تعلیم اور تجربے کی بنیاد پر آگے بڑھنے کا موقع دے گا۔ ہمارا مقصد مقابلہ نہیں بلکہ تعاون ہے، اور ہمارے دروازے ہر اس فرد کے لیے کھلے ہیں جو کچھ کرنے کا جذبہ رکھتا ہے۔
دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی میں طویل عرصے سے ایک ایسے پلیٹ فارم کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی جو مخصوص گروپس سے ہٹ کر تمام کاروباری افراد کو ایک مشترکہ مقصد کے تحت متحد کرے،ماضی کے محدود فورمز کی اجارہ داری نے بہت سے باصلاحیت افراد کو پیچھے رکھا، جبکہ پروفیشنل ایگزیکٹیو فورم کی تشکیل اس بات کا ثبوت ہے کہ اب ہر بزنس مین اپنی صلاحیتوں کے بل پر پہچانا جا سکے گا،تقریب کے دوران فورم کے مرکزی عہدیداران حمید رضوان، جاوید عالم، سید وقاص، اعجاز چوہدری، طلعت محمود، خرم خان، نزاکت حسین، فرح قمر، نائیلہ شاہد، نگہت فیصل، بازگاہ ایوب، ثوبیہ نوید نے حلف اٹھایا کہ وہ ذاتی یا سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر فورم اور کمیونٹی کی ترقی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے،میڈیا کی بڑی تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی اور فورم کو ہر ممکن صحافتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب کے بہترین انتظامات کے کے پروڈکشن کی جانب سے کیے گئے، جبکہ میڈیا نمائندگان کے ساتھ خصوصی روابط اور تعارف وسیم خان نے کیے۔
سعودی عرب میں پروفیشنل ایگزیکٹیو فورم کا قیام
















