تحریر: محمد عامر رفیع (جنرل سیکرٹری : پاکستان بزنس فورم، کراچی)
26 اپریل 2025 کو پاکستان میں ہونے والی شٹر ڈاؤن ہڑتال محض ایک احتجاج نہیں بلکہ ایک نظریاتی معرکہ کا حصہ تھا ۔ یہ ہڑتال ہمارے ضمیر کی بیداری، ملی غیرت اور اجتماعی وحدت کا اظہار ہے۔ پاکستان کا تاجر، صنعتکار، ورکر، استاد، طالبعلم، اور عام شہری سب ایک صف میں کھڑے ہو کر دنیا کو پیغام دے رہے تھے کہ ہم بے حس ہیں نہ بے ضمیر، نہ ہی بے مقصد۔
تجارت کی قربانی
عزت کی حفاظت
ہم جانتے ہیں کہ ایک دن کی ہڑتال سے وقتی معاشی نقصان ہوتا ہے، مگر ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ قومیں صرف منافع سے نہیں، بلکہ اصول، غیرت، اور قربانی سے بنتی ہیں۔ اگر آج ہم فلسطین پر ہونے والے ظلم کے خلاف نہ اٹھے تو ہم خود کو ایک زندہ قوم کیسے کہلا سکتے ہیں؟
ہماری قربانی صرف فلسطین کے لیے نہیں، بلکہ یہ اس نظریاتی کردار کا اظہار ہے جو ایک زندہ قوم کی پہچان ہے۔
میرا برینڈ پاکستان ، وژن اور بیانیہ
“میرا برینڈ پاکستان” محض ایک بزنس پروجیکٹ نہیں بلکہ حافظ نعیم الرحمن (امیر جماعت اسلامی پاکستان) کے نظریاتی وژن کا اظہار ہے جو حلال تجارت، خودداری، ایمانداری اور صاف سیاست کو فروغ دیتا ہے۔
پاکستان بزنس فورم کراچی کے صدر سہیل عزیز اور مرکزی صدر کاشف چوہدری کی مسلسل کاوشوں سے یہ بیانیہ اب عالمی سطح پر پہنچ رہا ہے۔ ان شااللہ “میرا برینڈ پاکستان” دنیا بھر میں پاکستانی مصنوعات، حلال تجارت اور نظریاتی معیشت کا نمائندہ بنے گا۔
امتِ مسلمہ کی آواز۔ پاکستان کا کردار
جب فلسطین کی گلیوں میں معصوموں کا خون بہتا ہے تو یہ پوری امتِ کی غیرت کا امتحان ہوتا ہے۔ پاکستان کی سڑکیں ضمیر کی گونج سے بھر گئی ہیں، ہم دنیا کو دکھائیں گے کہ امت زندہ ہے اور پاکستان اس امت کا دل ہے دھڑکنے والا، تڑپنے والا اور بولنے والا۔
دشمنوں کے لیے پیغام
یہ ہڑتال ان قوتوں کے لیے پیغام ہے جو پاکستان کو نظریاتی طور پر کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ ہم بتا دینا چاہتے ہیں کہ یہ قوم وقتی نقصان برداشت کر سکتی ہے لیکن ایمان، غیرت اور اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
26 اپریل ، ایک تاریخ ساز دن
26 اپریل صرف ایک ہڑتال کا دن نہیں، یہ اپنے ضمیر کو جگانے، اپنی نسل کو سچائی اور غیرت کا سبق دینے، اور دنیا کو بتانے کا دن ہے کہ پاکستان نہ جھکتا ہے، نہ بکتا ہے، نہ خاموش ہوتا ہے۔
آئیے! ہم سب “میرا برینڈ پاکستان” کے سفیر بن کر اس دن کو تاریخ کا ایک روشن باب بنائیں۔ اپنی آواز کو بند کرکے پوری دنیا کو ایک بے آواز چیخ سنائیں، جو ایوانوں میں ہلچل مچا دے، ضمیر جھنجھوڑ دے، اور تاریخ کا رُخ بدل دے۔
پاکستان زندہ باد۔ فلسطین پائندہ باد۔
جدوجہدِغزہ کو سلام
ہم دل کی گہرائیوں سے غزہ کے شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کی قربانیاں امت مسلمہ کا فخر ہیں۔
اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور ہمیں ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق دے۔ آمین۔
پاکستان بھر کے تاجروں کو سلام
ہم پاکستان کے تاجروں، صنعتکاروں و کارکنان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے غیرت کا مظاہرہ کیا اور 26 اپریل کوبین الاقوامی ہڑتال کی کال پر لبیک کہا۔
حماس کی قیادت کو حوصلہ
ہم حماس کی قیادت کو ان کی بہادری، استقامت اور جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان شاء اللہ ہم اپنی دعاؤں، قربانیوں اور آوازوں سے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
میرا برینڈ پاکستان ، ترقی کا عالمی وژن
“میرا برینڈ پاکستان” ایک ایسا خواب ہے جو پاکستانی مصنوعات کو دنیا بھر میں حلال، معیاری، اور خوددار شناخت کے ساتھ روشناس کرائے گا۔ ان شاء اللہ ہم پاکستانی ایکسپورٹ میں اضافہ کر کے ایک خوشحال اور خود کفیل معیشت کی بنیاد رکھیں گے۔
پاکستان بزنس فورم
دو جہانوں کی کامیابی کا مشن
پاکستان بزنس فورم اس مشن پر ہے کہ نہ صرف دنیاوی ترقی بلکہ اخروی کامیابی بھی حاصل کی جائے۔
تجارت کو اصول، دیانت اور قربانی کے ساتھ جوڑ کر ہم ایک نیا پاکستان تعمیر کریں گے جو عزت، خودداری اور ایمان کا استعارہ ہوگا۔
پاکستان زندہ باد۔ فلسطین پائندہ باد۔
میرا برینڈ پاکستان، زندہ باد