ویسٹرن پراونس کرکٹ ایوسی ایشن (ڈبلیوپی سی اے) کےنائب صدر صادق الاسلام جدہ میں علالت کے باعث انتقال کرگئے تھے۔ ان کی نماز جنازہ مسجد رضوان العزیزیہ میں ادا کی گئی۔
تدفین مقبرہ الفیصیلہ میں ہوءی۔ نماز جنازہ میں ایسوسی ایشن کے عہداداران، ممبران، کھلاڑی، سیاسی و سماجی شخصیات اور ان کے قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔ جنازہ کے دوران ہر آنکھ اشکبار تھی۔ صادق الاسلام گزشتہ چار دہائیوں سےزائد عرصہ سے جدہ میں مقیم تھے۔ وہ کرکٹ کے ایک بہترین آرگنائزر تھے۔ انھوں نے اپنی زندگی سعودی عرب میں کرکٹ کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
انھوں نے پہلے جناح لیگ، پھرنیشنل لیگ پھر جدہ لیگ اور پھرڈبلیو پی سی اے کومنظم کرنے میں خدمات انجام دیں۔ وہ انتہاءی خلیق، ملنسار اور خوش مزاج طبیعت کے مالک تھے۔ اپنی ان ہی خوبیوں کے بدولت وہ ہرکھلاڑی، دوستوں، رفیقوں اور چاہنے والوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ انھوں نے سعودی کرکٹ سینٹرکے پلیٹ فارم سے بھی گراں قدر خدمات انجام دیں۔ کئی قومی اور بین الاقوامی سطح کے ٹورنامنٹس آرگنائزکرنے میں اہم کرداراداکیا۔
اس کے علاوہ سعودی کرکٹ کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کوبھی اپنی خدا داد صلاحتوں سے کامیابی سے ہمکنارکیا۔ ہالہ انٹرنیشنل اکیڈمی العزیزیہ کے احاطے میں صادق الاسلام کی روح کے ایصال ثواب کے لئے تعزیتی نشست منعقد ہوئی جس میں الیاس مصطفیٰ ، سہیل شاہ، محمد جاوید، ماجد صدیقی، زین الہدا، محمد زبیر، محسن مرزا سابق سعودی کرکٹ سینٹر کے سی ای او احمد ندیم ندوی اور دیگر نے شرکت کی۔ اورکرکٹ کے لئے ان کی خدمات یاد کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ سعودی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ڈبلیو پی سی اے کے پیٹرن انچیف جنید اسکندرنے کہا، صادق الاسلام ایک بے لوث شخصیت کے مالک تھے۔ وہ ہمیشہ دوسروں کی مدد کے لیے تیار رہتے اور ہر مشکل وقت میں لوگوں کے ساتھ کھڑے رہتے۔ ان کی کمی کو پورا کرنا آسان نہیں ہوگا۔ ڈاکٹر ضیاء الدین نے کہا کہ صادق الاسلام ایک باعمل انسان تھے۔ جو ہمیشہ عملی اقدام پر یقین رکھتے تھے۔ ان کے تجربہ نے ہماری تنظیم کومضبوط بنیاد فراہم کی۔ ان کی رہنمائی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ معروف کرکٹر محمد جاوید اورکرکٹ امپائرمرزا کاشف بیگ نے انہیں یاد کرتے ہوئے کہا کہ صادق الاسلام کی شخصیت ہر پہلو سے مکمل تھی۔ وہ ادب، ثقافت، اور لطیفہ گوئی گہری دلچسپی رکھتے تھے۔ ان کے خیالات نے ہم سب کو متاثر کیا۔ صادق الاسلام کے بیٹوں شاہد الاسلام اورفہیم الاسلام نے کہا کہ میرے والد نے ہمیشہ اصولوں کی زندگی گزاری۔ ان کی جدوجہد اور قربانیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ اس موقع پرمعروف عالم دین مولانا عبدالقیوم نے “میت کے حقوق کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں بیان کیا۔ انھوں نے کہا یہ تعزیتی اجلاس مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انکے بصیرت افروزخطاب کے بعد شرکاء نے ان کی مغفرت کی دعا کی۔۔ صادق الااسلام کے دیرینہ ساتھی اردو نیوز کے احمد پرویز اور سعودی گزٹ کے مجاہد زیدی نے اسپورٹس کے حوالے سے مرحوم کی خدمات کو سراہا۔ نشست کا اختتام دعا اورعشائیہ کے ساتھ ہوا۔
ڈبلیو پی سی اے کےنائب صدرصادق الاسلام یادوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے
