Advertisement

سندھ میں بچوں کی پیدائش کی رجسٹریشن کو بہتر بنانے کے لیے سہ فریقی معاہدہ

سندھ میں بچوں کی پیدائش کی ڈجیٹل رجسٹریشن کو فروغ دینے کے لیے محکمہ بلدیات، محکمہ صحت، اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے درمیان سہ فریقی معاہدہ طے پا گیا۔

اس معاہدے کے تحت صوبے بھر کے تمام سرکاری صحت مراکز میں سِول رجسٹریشن مینجمنٹ سسٹم (CRMS) نصب کیا جائے گا، جس سے نوزائیدہ بچوں کی پیدائش کی بروقت اور درست اطلاع براہِ راست صحت مراکز سے نادرا کے نظام میں منتقل ہو سکے گی۔ اس اقدام سے نومولود بچوں کی رجسٹریشن میں تاخیر کا خاتمہ ہوگا اور کوریج میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا۔

معاہدے پر سیکرٹری بلدیات سندھ ڈاکٹر وسیم شمشاد علی، سیکرٹری صحت ریحان اقبال بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل نادرا سندھ ریجن احتشام شاہد نے دستخط کیے۔ اس موقع پر وزیر بلدیات سعید غنی اور وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو بھی موجود تھے۔

وزراء نے اس شراکت داری کو محکمہ جاتی تعاون اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی ایک اہم مثال قرار دیا۔ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ یہ معاہدہ یقینی بنائے گا کہ ہر بچہ پیدائش کے وقت ہی قانونی شناخت حاصل کرے، تاکہ بعد ازاں صحت، تعلیم اور سماجی تحفظ جیسی بنیادی سہولیات تک مؤثر رسائی ممکن ہو سکے۔

وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا کہ اس اقدام سے پالیسی سازی کے لیے درست ڈیٹا کی فراہمی ممکن ہوگی۔ حکومتِ سندھ ادارہ جاتی ہم آہنگی، ڈیجیٹل اصلاحات اور شفاف و جامع طرز حکمرانی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور اپنی تحریر، تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ bisaat.mag@gmail.com پر ای میل کردیجیے۔
error: