عالمی برادری میں ملکوں کی حیثیت کے تعین میں یہ نکتہ اہمیت رکھتا ہے کہ کسی ملک میں آئین پر کتنا عمل ہوتا ہے اور قانون کی عملداری کیسی ہے۔ اس لحاظ سے دیکھا جائے تو سنگاپور کو عالمی سطح پر قانون کے احترام اور انصاف کی فراہمی میں ایک امتیازی مقام حاصل ہے۔ اسی بنا پر یہاں پر جرائم کی شرح بھی دنیا بھر کے مقابلے میں نہایت کم ہے۔ اس کے ساتھ ملک کے تمام شہریوں کے حقوق کی ضمانت آئین میں دی گئی ہے۔
سنگاپور کے آئین کے تحت مملکت میں ایک پارلیمانی نظام قائم ہے۔ 1965 میں آزادی ملنے کے بعد آئین سازی پر کام ہوا اور دسمبر 1965 میں پہلا اہم قانون جاری کیا گیا۔ جس کو Republic of Singapore Independance Act 1965 کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس کے تحت مملکت کا نظام انتظامیہ ، مقننہ اور عدلیہ کے تحت تقسیم کیا گیا ہے۔ عوامی نمائندوں کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ آئین اور قوانین میں ترامیم کر سکتے ہیں۔
مملکت کا سربراہ صدر ہوتا ہے جو براہ راست عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوتا ہے۔ صدارتی نظام 1991 سے کامیابی سے چل رہا ہے۔ پارلیمنٹ 1965 سے باقاعدگی سے منتخب ہوتی چلی آ رہی ہے جو قانون سازی کا کام کرتی ہے اور حکومت کی کارکردگی پر نظر رکھتی ہے۔ حکومت کا کام وزیر اور مشیر چلاتے ہیں جن کا سربراہ وزیراعظم ہوتا ہے۔ ایک کمزور اپوزیشن بھی موجود ہے۔ مخصوص حالات میں صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے نئے قوانین بنانے کا اختیار حکومت اور صدر کو حاصل ہے۔
دستور کے رہنما 7 اصول
1۔ عوام کی بالادستی
2۔ جمہوری معاشرہ
3۔ وفاقی نظام حکومت
4۔ اختیارات کی مملکت کے 3 شعبوں میں مناسب تقسیم
5۔ اختیارات پر کنٹرول اور احتساب کا نظام
6۔ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی
7۔ انفرادی آزادیوں کی فراہمی
دستور میں دی گئی آزادیاں
بات کرنے اور تقریر کرنے کی آزادی
اجتماع اور جلسہ کرنے کی اجازت
ایسوسی ایشن بنانے کی اجازت
مڈہب اختیار کرنے کی آزادی
اپنے نمایندے منتخب کرنے کا اختیار
غلامی سے بچائو کی ضمانت
قدیم زمانے کے قوانین سے حفاظت
آئین کے علاوہ دیگر قوانین
کیسے بنائے جاتے ہیں ؟
حکومت کو روزمرہ کے معاملات چلانے کے لئے بے شمار قوانین بنانے پڑتے ہیں۔
1 پالیمنٹ اہم امور پر آئین کی روشنی میں قانون سازی کرتی ہے، جہاں ارکان کی کثرت رائے سے بل پاس کرنا ہوتا ہے۔
2 اچھی حکومت چلانے کے لئے Rules Regulations بنائے جاتے ہیں (مثلا ٹریفک کے رولز)
3 عدالتوں کے جج کے فیصلے بھی معاملات کو چلانے کے لئے دلیل اور ثبوت کے طور پر پیش کئے جا سکتے ہیں۔
4 بعض قوانین مفاد عامہ میں بنائے جاتے ہیں جن سے اکثریت کو فائدہ ہوتا ہے۔
5 معاملات کے فیصلوں میں فرد کی آزادی کو ترجیح دی جاتی ہے۔
چند اہم قوانین جن پر سختی
سے عملدرآمد ہوتا ہے
سگریٹ نوشی پر پابندی کا قانون: بند جگہوں کے ساتھ ساتھ عوامی مقامات (پارک ، ساحل سمندر) پر بھی سگریٹ نوشی کی مکمل ممانعت ہے۔
منشیات پر پابندی کا قانون: سنگاپور میں ہر قسم کی منشیات کے لانے اور استعمال پر مکمل پابندی ہے۔ اس معاملے میں سخت سزائیں دی جاتی ہیں جن میں سزائے موت بھی شامل ہے۔
چونگم پر پابندی کا قانون :
سنگاپور میں چیونگم لانے اور چبانے پر پابندی عائد ہے اور بھاری جرمانے کئے جاتے ہیں۔
انتظامی قوانین : روزمرہ کے کاموں کو چلانے کے لئے سینکڑوں انتظامی قوانین موجود ہیں جن پر مکمل عملدرآمد ہوتا ہے۔
کنٹریکٹ لاء : افراد اور اداروں کے درمیان ہونے والے معاہدوں کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔
پراپرٹی لاء : عوام کی خریدی ہوئی جائیدادوں کو یہ قانون تحفظ فراہم کرتا ہے۔
جان و مال کے تحفظ کا قانون (Tort Law) :
یہ قانون عوام کے جان ، مال اور عزت کی حفاظت کیلئےبنایا گیا ہے۔ اس کے تحت کوئی شخص اپنے نقصان کے ازالے کے لئے زیادتی کرنے والے شخص سے ازالہ (compensation) طلب کر سکتا ہے۔ اس کے تحت جسمانی نقصان کے علاوہ غلط طور پر قید میں رکھنے کا ازالہ بھی شامل ہے۔ اس قانون کا ایک بڑا مقصد لوگوں کو غلط کام کے نتیجے سے ڈرانا بھی ہے۔ اس قانون پر عملدرآمد کے حوالے سے عدالتوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
ٹرسٹ لاء : اسے اردو میں وقف کہا جاتا ہے۔ ایک شخص اپنے مال میں سے کچھ حصہ مفاد عامہ کیلئے وقف کر دیتا ہے۔ اس رقم کو استعمال کیلئے الگ rules and regulations بنائے گئے ہیں تاکہ اس کا بہترین استعمال کیا جا سکے۔
برابری کا تحفظ : اس کا مقصد حکومت پر یہ پابندی عائد کرنا ہے کہ وہ ہر شہری کے ساتھ برابری کا سلوک کرے۔ الا یہ کہ وہ کسی جرم یا زیادتی کا مرتکب ہو۔ اس صورت میں اس شخص کو وکیل کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت مل جاتی ہے۔
تحفظ خواتین کے قوانین : کوئی شخص کسی خاتون کو اغوا کرکے زبردستی شادی نہیں کر سکتا۔ اسی طرح کم عمر کی لڑکیوں کو قحبہ گری (prostitution) کے لئے مجبور نہیں کر سکتا۔ ان کاموں کی روک تھام کے لئے سخت قوانین موجود ہیں۔
وکیلوں کی زیادتیوں سے بچنے کے قوانین : اگر کوئی وکیل اپنے موکل کا مقدمہ صحیح طریقے سے نہیں لڑتا یا فراڈ کرتا ہے تو اس کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے۔ اس وکیل کے خلاف Law Society of Singapore کو درخواست دے کر اس کا لائسنس بھی منسوخ کروایا جا سکتا ہے۔
قوانین کی تشریح اور نفاذ کیلئے اٹارنی جنرل کا محکمہ ہے جو حکومت اور عدالتوں کو قانونی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ عدالتوں کو اس بات کا اختیار حاصل ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے بنائے ہوئے قوانین کی تشریح کریں اور انصاف کے ساتھ فیصلے کریں۔
آئین میں ترمیم کے مختلف طریقے
آئین میں ترمیم کا اختیار عوامی نمائندوں کو حاصل ہے۔ دو تہائی اکثریت کے ساتھ ترمیم کی جا سکتی ہے۔ اس بارے میں یہ پاپندی ہے کہ اگر پارلیمنٹ میں غیر منتخب نمائندے (ٹیکنیکل ایکسپرٹ یا مشیر) کے طور پر موجود ہوں تو وہ ان ترامیم کی مخالفت یا حق میں ووٹ نہیں ڈال سکتے۔چند اہم ترامیم کا ذکر آگے آ رہا ہے۔
دستور کے کچھ حصے ایسے ہیں جن میں ترمیم کے لئے خاص طریقہ کار اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ سنگاپور کی سالمیت آزادی اور خودمختاری سے متعلقہ دفعات کو تبدیل کرنے کے لئے عوامی ریفرنڈم کی ضرورت ہو گی جس میں دو تہائی سے زیادہ ووٹر ترمیم کے حق میں ووٹ ڈالیں۔ سنگاپور کو آزاد ملک کے طور پر قائم رکھنے کے لئے آئین کے حصہ III میں آرٹیکل 6 شامل کیا گیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی صورت سنگاپور کی آزاد ملک کے طور پر حیثیت کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے ساتھ کسی بھی صورت یہاں کی پولیس اور فوج کا کنٹرول کسی اور ملک یا اتھارٹی کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔
صدر کے انتخاب ، اختیارات کے استعمال ، عمومی عدالتی کارروائی سے تحفظ اور عہدے سے ہٹانے کے لئے خصوصی طریقہ کار کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ اگر صدر یہ سمجھے کہ اس کے اختیارات کو محدود کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تو وہ اس بارے میں پیش کئے گئے بل کو ایک آئینی ٹریبونل میں بھیج سکتا ہے جو اس بارے میں اپنا فیصلہ صادر کرے گا یا اس پر عوامی ریفرنڈم کروانے کا اعلان کرے گا۔
چند اہم آئینی ترامیم
آرٹیکل 156 (شادی کے مرتبے کا تعین 2022) : شادی صرف مرد اور عورت کے درمیان تعلق کے ذریعے رجسٹر ہو گی۔ خاندان کے ادارے کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے اس اہم دفعہ میں یہ ضروری بات شامل کی گئی ہے اور ہم جنس پرستوں کی شادی پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
آرٹیکل 9 (نئی نشہ آور اشیا پر پابندی 2023) : نئی منشیات پر گرفتاری اور سخت سزائوں کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔
آرٹیکل 2 (نسلی اور مذہبی ہم آہنگی کے قانون میں ترمیم) : اس قانون کے موثر نفاذ کے لئے ترامیم کر کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے۔ ان مثالوں سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ سنگاپور کے آئین میں تبدیلیاں حکومتی اختیارات میں اضافہ کے بجائے عوامی مفاد میں کی جاتی ہیں۔
قانون کی عملداری سے
امن و امان میں بہتری
سنگاپور کا شمار دنیا کے محفوظ ترین ممالک میں کیا جاتا ہے۔ 2024 میں آیرلینڈ ، جاپان ، آئس لینڈ ، نیوزی لینڈ اور سنگاپور امن و امان کے لحاظ سے بہترین ممالک تصور کئے گئے ہیں جہاں جرائم کی شرح سب سے کم ہے (GPI)۔ سنگاپور میں سب سے زیادہ رپورٹ ہونے والا جرم نوجوان لڑکیوں پر جسمانی حملے (Molesting) ہے۔ شاید اس کی وجہ مغربی تہذیب کو اپنانا ہو۔ اس کے بعد مالیاتی فراڈ اور Cyber Attacks رپورٹ کئے جاتے ہیں۔ لیکن ان دونوں جرائم کی شرح دنیا کے دوسرے ملکوں کے مقابلے میں بہت کم ہے۔
سنگاپور کا آئین اور اہم قوانین
















