دنیا بھر کی طرح جدہ میں بھی پاکبانوں کے نما ئندہ صحافیوں نے یونائٹیڈ میڈیا فورم (یو ایم ایف) کے زیراہتمام سینئر صحافی اورپاک اوورسیز میڈیا فورم (پی او ایم ایف) کے سرپرست آعلیٰ سید مسرت خلیل کی زیرصدارت مقامی ہوٹل میں یوم تشکر کی ایک تقریب منعقد کی۔
تقریب میں افواج پاکستان کو ان کی بے مثال بہادری پرخراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی یو ایم ایف کے چیئرمین جہانگیرخان تھے۔ پاکستان جنرنلسٹس فورم (پی جے ایف) کے خالد نواز چیمہ اورمحمد عدیل بحثیت اعزازی مہمان شریک ہوئے۔
ناظم تقریب میاں محی الدین کی تلاوتِ قران پاک اورنعتیہ اشعار سے تقریب کی کاروائی کا آغازہوا۔ محمد عدیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا آج کا دن پاکستانی قوم کے لیے ایک عظیم یادگاردن ہے۔ جہانگیرخان نے کہا بھارت کے ساتھ جنگ میں پاکستانی افواج نے بے مثال جواں مردی اور قربانی کا مظاہرہ کیا، جس سے نہ صرف پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا۔
عدیل ریاض کھوکھرنے کہا قوم نے یہ عزم کیا ہے کہ وہ اپنی افواج کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتی رہے گی۔ سید مسرت خلیل نے صدارتی خطاب میں کہا کہ جدہ کے نمائندہ پاکستانی صحافیوں نے آج کی تقریب کا انعقاد یومِ تشکراورپاک کوفوج کوخراجِ تحسین پیش کرنے کےلئے کیا ہے۔ بھارت کے ساتھ جنگ میں پاکستانی افواج نے جس بہادری سے مقابلہ کیا اور پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کیا اس پرجتنا بھی شکرادا کیا جائے کم ہے۔
پی او ایم ایف کے صدر شعیب الطاف نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے افواج پاکستان کی قربانیوں کو سراہا اورشہدا کے لئے دعا کی۔ انھوں نے جنگ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لئے بھی دعا کی۔ اس کے بعد تمام صحافیوں نے مہمانوں کے ساتھ مل کر اظہار تشکرکا کیک کاٹا۔
جدہ :پاکستانی صحافیوں کا یومِ تشکر، پاک افواج کوخراجِ تحسین
