۔ بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن (FIH) کے زیر اہتمام ہونے والا عالمی ہاکی کپ ٹورنامنٹ 14 اگست سے 30 اگست 2026 تک جاری رہے گا اور اس کی میزبانی پہلی مرتبہ دو ممالک، بیلجیم اور نیدرلینڈز، مشترکہ طور پر کریں گے۔ اس عالمی ایونٹ میں دنیا کی بہترین سولہ قومی ٹیمیں عالمی چیمپئن بننے کے لیے مدمقابل ہوں گی۔
ورلڈ کپ کے مقابلے بیلجیم کے شہر واور (Wavre) اور نیدرلینڈز کے شہر امسٹل وین (Amstelveen) میں کھیلے جائیں گے۔ نیدرلینڈز کا تاریخی واگنر ہاکی اسٹیڈیم اور بیلجیم کا بیلفیئس ہاکی ایرینا اس عالمی ایونٹ کی میزبانی کریں گے،۔
یہ ٹورنامنٹ 16 ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، جنہیں ابتدائی مرحلے میں مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ مرحلے کے بعد کامیاب ٹیمیں دوسرے مرحلے میں پہنچیں گی، جہاں سے کوارٹر فائنل، سیمی فائنل، تیسری پوزیشن کے میچ اور فائنل تک رسائی حاصل کریں گی۔۔
موجودہ عالمی چیمپئن جرمنی اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا، جبکہ میزبان ممالک بیلجیم اور نیدرلینڈز کے علاوہ پاکستان بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، ارجنٹائن اور دیگر مضبوط ٹیمیں بھی ٹائٹل کی دوڑ میں شامل ہوں گی۔
2026 کا ورلڈ کپ کئی حوالوں سے تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ مینز ہاکی ورلڈ کپ کی میزبانی بیلجیم اور نیدرلینڈز مشترکہ طور پر کریں گے۔
پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم نے کامیابی کے ساتھ ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے اور اب گرین شرٹس بیلجیم اور نیدرلینڈز میں منعقد ہونے والے عالمی مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔ پاکستان ہاکی کی تاریخ کی کامیاب ترین ٹیموں میں شمار ہوتا ہے اور اس نے اب تک چار مرتبہ ہاکی ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر سجایا ہے۔ پاکستان نے پہلی بار 1971 میں اسپین، پھر 1978 میں ارجنٹائن، 1982 میں بھارت اور آخری مرتبہ 1994 میں آسٹریلیا میں عالمی ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کی۔ آج بھی چار ورلڈ کپ فتوحات کا یہ ریکارڈ پاکستان کے شاندار ماضی کی یاد دلاتا ہے۔
ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کو مضبوط ٹیموں کے گروپ میں رکھا گیا ہے، جہاں اس کا مقابلہ انگلینڈ، ویلز اور روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 15 اگست کو انگلینڈ، دوسرا 17 اگست کو ویلز جبکہ تیسرا اور سب سے اہم میچ 19 اگست کو بھارت کے خلاف کھیلے گا۔ پاکستان کے تینوں گروپ میچ نیدرلینڈز کے تاریخی واگنر ہاکی اسٹیڈیم، امسٹل , ,وین ( Amstelveen) میں کھیلے جائیں گے
قومی ٹیم کی قیادت تجربہ کار گول کیپر عماد بٹ کر رہے ہیں، جبکہ ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا متوازن امتزاج شامل ہے۔
14 اگست کو 16واں ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ مشترکہ طور پر بیلجیم اور نیدرلینڈز میں منعقد ہوگا












