استنبول: ترکی کے شہر استنبول میں 21ویں موسیاد انٹرنیشنل ایکسپو کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ ایکسپو کا افتتاح صدر موسیاد برہان اوزدمیر نے کیا۔ موسیاد ایکسپو کو دنیا بھر کی بزنس کمیونٹی، صنعت کاروں، سرمایہ کاروں اور تجارتی وفود کے لیے ایک اہم عالمی پلیٹ فارم کی حیثیت حاصل ہے، جہاں مختلف ممالک کے درمیان تجارتی روابط، سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی تعاون کو فروغ دیا جاتا ہے۔
اس اہم عالمی نمائش میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے پاک انٹرنیشنل بزنس فورم، PIBF کا ایک بھرپور وفد بھی شریک ہے۔ وفد میں PIBF کے مرکزی نائب صدر جناب زاہد قریشی، پی آئی بی ایف کے گلوبل ڈائریکٹر اور کراچی چیپٹر کے صدر سہیل عزیز، جنرل سیکریٹری کراچی محمد عامر رفیح، اسلام آباد کے جنرل سیکریٹری ابرار، ڈپٹی کوآرڈینیٹر تیمور احمد، سیدات حیدر کمپنی کے سی ای او وقار حیدر، پنجاب کیش اینڈ کیری کے چیرمین طاہر چوہدری سمیت اسلام آباد، لاہور،گوجرانوالہ کراچی، آزاد کشمیر اور ملک کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے بزنس فورم کے صدور، عہدیداران اور کاروباری نمائندگان شامل ہیں۔
ایکسپو آمد کے موقع پر PIBF Global کے ڈائریکٹر سہیل عزیز نے وفد کے اراکین، اسلام آباد اور دیگر شہروں سے آنے والے نمائندوں کو پی آئی بی ایف1 کے بیجز لگائے اور انہیں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کے لیے خوش آمدید کہا۔ وفد کے شرکا موسیاد ایکسپو کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستانی مصنوعات، برانڈز، ایکسپورٹ پوٹینشل اور بزنس نیٹ ورکنگ کو فروغ دینے کے لیے سرگرم کردار ادا کررہے ہیں۔اس موقع پر پی آئی بی ایف کی جانب سے مختلف ممالک کے بزنس فورمز کے صدور، نمائندگان اور اہم کاروباری شخصیات کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی جارہی ہیں، جس کا مقصد پاکستان اور دیگر ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات، باہمی تعاون اور بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
PIBF کے وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موسیاد ایکسپو میں پاکستان کی مؤثر نمائندگی کے ذریعے پاکستانی بزنس کمیونٹی، SME سیکٹر، ایکسپورٹرز اور مقامی برانڈز کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ وفد عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت، پرامن اور کاروبار دوست تشخص اجاگر کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔
















