سینیئر صحافی سید مسرت خلیل کی عیادت کے لیے سردار اقبال انجینئر سجاد اور صحافیوں نے ان کے گھر کا دورہ کیا اس موقع پر سردار اقبال اور انجینئر سجاد نے مسرت خلیل کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
جدہ : پاکستان اوورسیز فورم کے سرپرست اعلی سینیئر صحافی سید مسرت خلیل جو گزشتہ چند دنوں سے عارضہ قلب کے باعث ہسپتال داخل تھے الحمدللہ ہسپتال سے فارغ ہو کر اپنے گھر واپس آ چکے ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں مکمل ارام کرنے کی ہدایت کی ۔
اس سلسلے میں جدہ قومی یکجہتی فورم کے سربراہ اور کشمیر کمیٹی کے سینیئر رکن سردار محمد اقبال سیاسی شخصیت انجینیئر سجاد اور جہانگیرخان، شعیب الطاف، مرزا مدثر، محمد عدیل اوراحمد فواد سواتی نے سید مسرت خلیل کی خیریت دریافت کرنے کے لیے ان کے گھر کا دورہ کیا۔
اس موقع پر سید مسرت خلیل کو پھولوں کی گلدستے پیش کیے گئے-اس موقع پر انجینیئر سجاد اور سردار اقبال نے مسرت خلیل کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسرت خلیل گزشتہ کئی سالوں سے کمیونٹی کی خبروں کی بہترین کوریج کر رہے ہیں جب کہ وہ کشمیر پر بھارتی مظالم کی خبریں اور مظلوم کشمیریوں کے حق خود ارادیت پر بھی تفصیلی مضامین اور خبریں شائع کرتے رہے ہیں جس پر وہ ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
آخر میں مسرت خلیل نے کہا کہ میں تہہ دل سے آپ سب کا شکر گزار ہوں کہ آپ لوگوں نے میرے لیے وقت نکالا اورعیادت کے لیے تشریف لائے۔ آپ کی دعائیں اور خیریت دریافت کرنے کا انداز تر و تازہ پھولوں کے گلدستہ کے ساتھ میرے لیے بہت حوصلہ افزا اور خوشی کا باعث بنا۔ اللہ تعالیٰ آپ کو صحت و عافیت کے ساتھ رکھے اور آپ کی زندگی میں خوشیاں عطا فرمائے۔
سینئر صحافی سید مسرت خلیل کی عیادت
