Advertisement

ڈاکٹر جاوید اکبر انصاری کی رحلت

ممتاز ماہر معاشیات، قابلِ فخر استاد، بلند پایہء محقق، مصنف اور دانشور پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکبر انصاری اپنے خالق کے حضور پیش ہو گئے۔
اناللہ وانا الیہ راجعون
ڈاکٹر جاوید اکبر انصاری عالمی سرمایہ دارانہ نظام اور عالمی مالیاتی اداروں کی ریشہ دوانیوں کے خلاف انتہائی توانا آواز تھے، وہ اپنی آراء انتہائی مدلل اور جرأت مندانہ انداز میںسے پیش کرتے رہے تھے۔ انہوں نے عدل و انصاف اور مبنی اپنے اصولوں پر کبھی بھی ایک لمحے کے لیے بھی سمجھوتا نہیں کیا اور اسلامی اصولوں کو انتہائی جرأت و استقامت کے ساتھ پیش کرتے رہے۔ پاکستان اور دنیا بھر میں اسلامی نظام معیشت و بینکاری کے نفاذ کے ضمن میں جو فریب کاریاں ہو رہی ہیں، ان کا پردہ ڈاکٹر صاحب نے انتہائی بے خوفی سے چاک کیا اور وقتاً فوقتاً انتہائی قیمتی تجاویز بھی پیش کرتے رہے تاکہ اسلامی نظام معیشت و بینکاری اسلام کی حقیقی روح کے مطابق نافذ ہو سکے۔
دنیا بھر میں ڈاکٹر جاوید اکبر انصاری کے طلبہ، دوست، احباب، مداح اور ساتھی ان کے اخلاص، صلاحیت اور ایمان کی پختگی کے معترف رہے ہیں۔ ” بہترین انسان وہ ہےجس کاوجوددوسروں کے لیئےفائدہ مند ہو“ ڈاکٹر صاحب اس قول کی عملی تصویر تھے۔ ہم خود پچیس سے زائد برسوں سے ڈاکٹر جاوید اکبر انصاری کی قیمتی آراء، مشوروں اور رہنمائی سے مستفید ہوتے رہے ہیں۔ ان کی رحلت سے جو خلا پیدا ہوا ہے اس کا بھرنا یقیناً مشکل ہوگا۔
ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ان کے مشن کو جاری رکھاجائے۔ اللہ تعالیٰ ان کی قبر کو اپنے نور سے منور کردے، ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین!

اگر آپ بھی ہمارے لیے لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور اپنی تحریر، تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ bisaat.mag@gmail.com پر ای میل کردیجیے۔
error: