Advertisement

لندن میں بھارتی سفارتی مشن پر 10.79ملین پاؤنڈ کے کنجیشن چارجز واجب الادا

لندن میں بھارتی سفارتی مشن ٹرانسپورٹ فار لندن (TfL) کے 10.79ملین پاؤنڈ کے غیر ادا شدہ کنجیشن چارجز کے ساتھ غیر ملکی سفارتی مشنز میں چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق صرف امریکا، چین اور جاپان کے سفارتی مشنز کے ذمہ اس سے زیادہ رقم واجب الادا ہے۔
ٹرانسپورٹ فار لندن کے اعداد و شمار میں 2003 سے 30 جون 2026 تک کے واجبات شامل ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق لندن میں قائم آفس آف دی ہائی کمشنر آف انڈیا کے ذمے مجموعی طور پرر 10,794,005 پاؤنڈز کے کنجیشن چارجز اور متعلقہ جرمانے بقایا ہیں۔
اس فہرست میں امریکا پہلے نمبر پر ہے، جس کے سفارتی مشن کے ذمے 16,309,935 پاؤنڈز، چین کے ذمے 13,088,720 پاؤنڈز اور جاپان کے ذمے 11,255,868 پاؤنڈز واجب الادا ہیں۔ بھارت 10,794,005 کے ساتھ چوتھے نمبر پر جبکہ نائیجیریا 9,755,675 پاؤنڈز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
لندن کا کنجیشن چارج وسطی لندن کے مخصوص علاقے میں مقررہ اوقات کے دوران گاڑی چلانے پر عائد کیا جانے والا روزانہ چارج ہے۔ اس کا مقصد شہر کے مرکزی علاقوں میں ٹریفک کا دباؤ کم کرنا ہے۔ اس وقت عام موٹر گاڑی کے لیے چارج 18 پاؤنڈ یومیہ ہے، بشرطیکہ اسے پہلے یا سفر کے دن ادا کیا جائے۔
اس معاملے میں اصل تنازع یہ ہے کہ آیا سفارت کار اس چارج سے مستثنیٰ ہیں یا نہیں۔ ٹرانسپورٹ فار لندن اور برطانوی حکومت کا موقف ہے کہ کنجیشن چارج ٹیکس نہیں بلکہ ایک سروس کی فیس ہے، اس لیے سفارت کاروں کو اس کی ادائیگی سے استثنیٰ حاصل نہیں۔
TfL کا کہنا ہے کہ لندن میں بعض سفارتی مشنز کی جانب سے واجبات اب بھی ادا نہیں کیے گئے۔
ادارے کے مطابق یہ معاملہ سفارتی ذرائع سے بھی اٹھایا جاتا رہا ہے اور وہ غیر ادا شدہ چارجز اور متعلقہ جرمانوں کی وصولی جاری رکھے گا۔
جنوبی ایشیا کے ممالک میں بھارتی سفارتی مشن کے واجبات سب سے زیادہ ہیں۔ پاکستان کے ہائی کمیشن کے ذمے 4,116,630 واجب الادا ہیں، جو بھارت کے مقابلے میں تقریباً 6.86 ملین پاؤنڈ کم ہیں۔
سری لنکا کے ہائی کمیشن کے ذمے 1,032,720 پاؤنڈز، مالدیپ کے ذمے 352,880 پاؤنڈز جبکہ بنگلہ دیش کے ذمے 30,990 پاؤنڈز کے واجبات درج ہیں۔
TfL کے مطابق لندن میں مختلف سفارتی مشنز کے ذمے مجموعی طور پر تقریباً 173.82 ملین پاؤنڈ کے کنجیشن چارجز اور متعلقہ جرمانے بقایا ہیں۔ واجبات میں بہت زیادہ فرق پایا جاتا ہے۔ جہاں امریکا، چین، جاپان اور بھارت کے سفارتی مشنز کے ذمے 10 ملین پاؤنڈ سے زیادہ رقم ہے، وہیں بعض ممالک کے واجبات چند سو پاؤنڈ تک محدود ہیں۔
ٹوگو ہائی کمیشن کے ذمے صرف £120، بہاماس ہائی کمیشن اور نیدرلینڈز کے سفارت خانے کے ذمے £180، £180، بحرین کے ذمے £240 اور تیمور لیستے کے ذمے £360 واجب الادا ہیں۔
TfL کا موقف: ٹرانسپورٹ فار لندن نے واضح کیا ہے کہ وہ غیر ادا شدہ کنجیشن چارجز اور متعلقہ پینلٹی چارج نوٹس کو ختم نہیں کرے گا اور واجبات کی وصولی کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

error: