پاکستان حج والنٹیئرز گروپ (پی ایچ وی جی) سعودی عرب کے زیر اہتمام حجاز ریجن کے رضاکاروں کیلئے تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد پاکستان انٹرنیشنل اسکول العزیزیہ جدہ میں کیا گیا جس کے مہمان خصوصی قونصل جنرل پاکستان خالد مجید تھے۔
مہمانان اعزازی میں عبد الوہاب سومرو (ڈائریکٹر جنرل حج)، فہیم خان آفریدی (ڈائریکٹر حج)، عدنان جاوید (ڈپٹی قونصل جنرل جدہ)، آفتاب کھوکھر (اسستینٹ سکریٹری جنرل او آئی سی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی)، اشرف علی خان (پی ایچ وی جی کوآرڈینیٹر) کے علاوہ بڑی تعداد میں حج رضاکاروں اورکمیونٹی آکابرین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل پاکستان جدہ خالد مجید نے گروپ کے رضاکاروں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ پی ایچ وی جی کے رضاکار بلا معاوضہ آللہ کے مہمانوں کی خدمت اور رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیتے ہیں جو قابل تعریف ہے۔ انہوں نے گروپ کے رضاکاروں کو قونصلیٹ آفس کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب سے ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو نے پاکستانی حجاج کی بہتراندازمیں رہنمائی اور خدمت کے فریضہ کو سرانجام دینے کیلئے باہمی تعاون کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ گروپ کے رضاکار بہترین انداز میں حجاج کی خدمت کا فریضہ انجام دیتے ہیں۔ مستقبل میں پاکستان حج مشن اور پی ایچ وی جی کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائےگا تاکہ اللہ کے مہمانوں کی بہترسے بہتر انداز میں خدمت کی جا سکےاور ان کی مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ تقریب میں سعودی وزارت حج و عمرہ کی طرف سے جنرل مینجر برائے سماجی خدمات و رضاکاران عبداللہ الحربی نے خصوصی شرکت کی اور رضاکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔
تقریب کے اختتام پر گروپ کے مرکزی کوارڈینیٹر اشرف علی خان نے سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے نمائندے عبداللہ الحربی کی شرکت اور گروپ کے ساتھ بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا انہوں نے پاکستان ایمبیسی ریاض ، قونصلیٹ جنرل جدہ ، پاکستان حج مشن ، پاکستان انٹرنیشنل اسکولزاورکمیونیٹی ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ رضاکار اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے ساتھ ساتھ پاکستان کی نیک نامی کا بھی باعث بنتے ہیں۔ اس سے قبل حجاز ریجن کے کوآرڈینیٹر وقارعظیم نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ تقریب میں ڈپٹی قونصل جنرل عدنان جاوید ، ڈائریکٹر حج فہیم خان آفریدی، پی ایچ وی جی ریاض و دمام کے ذمہ داران ، صحافی ، کمیونٹی ممبران سمیت بڑی تعداد میں رضاکاروں نے شرکت کی ۔
تقریب میں سینکڑوں رضاکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں تقریب کی میزبانی کے فرائض عبدالمالک اور کامران خان نے سرانجام دیے۔
پی ایچ وی جی کے زیراہتمام حجازریجن کے رضاکاروں کی تقریب تقسیم اسناد
