پاکستان کے 80 ویں یوم آزادی کے قومی موقع پر جدہ میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی جدید ترین چانسری بلڈنگ میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ قونصل جنرل آف پاکستان سید مصطفی ربانی نے تقریب کی صدارت کی، جس میں ایک بڑی پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔
قاری محمد آصف کی تلاوت قران پاک کے بعد قومی ترانے کی دھن پرقومی پرچم بلند کیا گیا۔ اس کے بعد صدر پاکستان کا پیغام پریس قونصلر محمد عرفان نے وزیراعظم کا پیغام کمرشل قونصلر سعدیہ خان اور وزیر خارجہ کا پیغام عبداللہ امین نے پڑھ کر سنائے۔ خصوصی پیغامات کے بعد قونصل جنرل سید مصطفی ربانی نے اپنے کلمات میں اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بانیان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے مختلف شعبوں میں ملک کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی جن میں سفارت کاری اور مکالمے کے ذریعے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید روشنی ڈالی کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون اور اجتماعی دفاع اور بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک اعتماد اور شراکت داری کو مزید تقویت دیتا ہے۔
پاکستانی عوام سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے پاکستان کے لیے مسلسل حمایت پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے جدہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور مملکت سعودی عرب کی اقتصادی ترقی اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے میں ان کے کردار کو بھی سراہا۔ پرچم کشائی کی تقریب کے بعد بابائے قوم قائداعظم کی تصویری نمائش کا افتتاح اور عوام کے لیے کھول دیا گیا۔ نمائش میں تقریباً 100 تاریخی تصاویر رکھی گئی ہیں جن میں قائداعظم کی زندگی اور تحریک پاکستان کے مختلف پہلوؤں اور مراحل کا احاطہ کیا گیا ہے۔
قونصل جنرل سید مصطفیٰ نے ریمارکس دیے کہ یہ ہمارے لیے خاص ہے کہ ہم قونصلیٹ جنرل کی نئی عمارت میں پاکستان کا یوم آزادی منا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کمیونٹی کے لیے قابل رسائی، جوابدہ اور موثر خدمات ہمارا مقصد ہے اور ہم کمیونٹی سروسز میں مسلسل بہتری لا رہے ہیں۔ پاکستان، سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
شرکاء نے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کے لیے خصوصی دعائیں کیں جو قابض فوج کے خلاف اپنی جدوجہد آزادی میں مسلسل مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔ تقریب کی نظامت کمیونٹٰی ویلفیئر ازکا ظفر نے کی۔
















