05 فروری 2026 کو مملکت سعودی عرب میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے یوم یکجہتی کشمیر روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ محمد عرفان پریس قونصلر پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ کے اعلانیہ کے مطابق اس موقع پرپاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ میں ایک مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔ جس آغاز قاری محمد آصف کی تلاوتِ قران پاک و ترجمہ سے ہوا۔ اس بعد صدر پاکستان، وزیر اعظم پاکستان، اور نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بالترتیب ڈپٹی قونصل جنرل میڈم سعدیہ وقارالنسا، محمد عرفان پریس قونصلر، محمد عبداللہ امین گھمن، وائس قونصلرنے پڑھ کر سنائے۔ او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے/ سفیرسید محمد فواد شیراس تقریب کے کلیدی مقرر تھے۔ جدہ میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے ممتاز رکن مسعود پوری، انجینئرعارف مغل اور سردار وقاص عنایت نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ مقررین نے 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ کشمیر کو ایک قلعہ بند جیل میں تبدیل کرنے کے باوجود بھارت آزادی پسند کشمیری عوام کے ناقابل تسخیر جذبے کو شکست نہیں دے سکتا۔ انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر IIOJK میں انسانی حقوق کی سنگین، منظم اور ریاستی سرپرستی میں ہونے والی خلاف ورزیوں کو روکے۔
قونصل جنرل آف پاکستان سید مصطفیٰ ربانی نے اپنے خطاب میں سعودی قیادت کی جانب سے کشمیر کاز کے لیے مسلسل حمایت پر دلی تحسین کا اظہار اور اس اہم مسئلے کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے کردار کی بھی تعریف کی۔ قونصل جنرل نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں کہ کشمیری اپنے حق خود ارادیت کا استعمال کر سکیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ہندوستانی فوج کے مظالم اور زمینی حقائق کو تبدیل کرنے کے لیےخطے میں آبادیاتی تبدیلیاں مسلط کرنے کے ہندوستان کے ڈیزائن پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے ساتھ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اکٹھا ہونا چاہیے۔ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں رہنے والوں کی حالت زار اور بھارتی فوج کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے والی ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ شرکاء اور مقررین نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے دیرینہ مسئلے کو حل کریں اور غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ تقریب میں معززین اور جدہ میں مقیم سول سوسائٹی تنظیموں کے ارکان نے شرکت کی۔ شرکاء نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کا اختتام سابق صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور کشمیر کاز کے شہداء کے لیے رقت آمیز دعا کے ساتھ ہوا۔ اس کے علاوہ حال ہی میں رحلت فرمانے والے کمیونٹی کے معروف رہنما سردارعبدالطیف عباسی اور انجینئرچودھری شہباز حسین کے لئے بھی دعائے مغفرت کی گئی۔
جدہ میں یوم یکجہتی کشمیر روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا
















