اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر سید محمد فواد شیر نے سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طہ سے او آئی سی سیکرٹریٹ جدہ میں ملاقات کی۔ سفیر نے سیکرٹری جنرل کو خطے میں پاکستان کی جاری امن اور ثالثی کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا، جس میں 08 اپریل 2026 کو فوری جنگ بندی کے مذاکرات اور ایران اور امریکہ کے درمیان تاریخی اسلام آباد مذاکرات کی میزبانی بھی شامل ہے۔
سفیر فواد شیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اسلام آباد مذاکرات ایک اہم پیشرفت کی نمائندگی کرتے ہیں جو پاکستان کی دونوں فریقوں کے ساتھ قریبی روابط اور خطے میں امن و استحکام کے حصول کے لیے اس کی بھرپور سفارتی رسائی سے ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے اور امن کی راہیں بنانے کے لیے وزیر اعظم، نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ اور پاکستان کی دفاعی افواج کے سربراہ سمیت پاکستانی قیادت کی سرشار کوششوں کو اجاگر کیا۔
سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دونوں فریقوں کے درمیان مسلسل رابطے اور جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے پر امید ہے۔ مذاکرات اور سفارت کاری کے اصولوں کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیتے ہوئے، سفیر نے کہا کہ پاکستان دونوں فریقوں کے درمیان روابط کو آسان بنانے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے او آئی سی کی جانب سے جنگ بندی میں ثالثی پر پاکستان کے کردار کے اعتراف اور تعریف پر سیکرٹری جنرل کا شکریہ بھی ادا کیا۔ سیکرٹری جنرل او آئی سی نے بریفنگ پر مستقل نمائندے کا شکریہ ادا کیا اور اسلام آباد میں اہم مذاکرات کی میزبانی پر پاکستان کو مبارکباد دی۔
سیکرٹری جنرل نے مستقبل میں بھی فریقین کے درمیان تعمیری انداز میں مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کی پاکستان کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ سیکرٹری جنرل نے سفارت کاری کو فروغ دینے اور جنگ بندی کے حصول میں ثالثی کے اہم کردار پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ سیکرٹری جنرل نے او آئی سی کے بانی رکن کے طور پر پاکستان کے کردار اور امت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اس کی فعال مصروفیت کو بھی سراہا۔
اوآئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ سے سید فواد شیرکی ملاقات
















