مدینہ منورہ میں مقیم ڈاکٹر خالد عباس الاسدی اردو ادب کا معتبر نام ہے۔ وہ شاعر، ادیب، دانشور، علمی شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ وہ ایک عرصہ سے مدینہ منورہ میں طب کے شعبہ سے وابستہ ہیں اورشب و روز اپنی پیشہ ورانہ مصروفیت کے باوجود طب اورادب کے ساتھ پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی سماجی خدمت میں پیش پیش ہیں۔
انہوں نے اپنی ادبی خدمات، تحقیقی کام اور شاعری کے ذریعے علمی و ادبی حلقوں میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کی شاعری میں محبت، انسانیت، معاشرتی شعور، مشرقی اقدار اور فکری گہرائی نمایاں دکھائی دیتی ہے۔ ڈاکٹر صاحب کو حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ میں 14 اگست 2025 کو ایک تقریب میں ان کی ادبی، سماجی اور طبی خدمات کے عوض قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔
ڈاکٹر خالد عباس الاسدی کی نئی کتاب ’ہم عہد وفا میں زندہ ہیں‘ خوبصورت سرورق کے ساتھ معرکہ حق کے موقع پر سعودی عرب میں عنقریب منعقدہ تقریب میں پیش کردی جائے گی۔ یہ کتاب اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے افواج پاکستان اور پوری قوم کے لئے ہدیہ تبریک بھی ہے۔ ڈاکٹر خالد عباس الاسدی نے مختلف ادبی سرگرمیوں میں اردو زبان و ادب کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کیا۔ ان کی تحریروں میں سادگی، فصاحت اور فکری پختگی پائی جاتی ہے، جس کی وجہ سے ادب سے وابستہ حلقے انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ بطور شاعر و ادیب انہوں نے نوجوان نسل کو ادب، تحقیق اور مثبت فکر کی جانب راغب کرنے میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔
ڈاکٹر خالد عباس الاسدی کی نئی کتاب تیار ہوگئی
















