Advertisement

کاروباری شخصیت مرزا احمد بیگ کی جانب سے جدہ میں علمی نشست

جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی نائب امیر قاری صہیب احمد میر محمدی نے کہا ہے کہ دین اسلام سے دوری ہمیں پستی کیطرف لے جا رہی، قرآن و سنت کو اپنا کر ہی ہم آگے بڑھ سکتے ہیں، اسلام ایک مکمل دین حیات ہے ہمیں اسکی طرف آنا ہو گا اور اپنی نئی نسل کو قرآن و سنت کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہو گا۔

یہاں ایک روحانی و علمی نشست سے خطاب میں انہوں نے پانچ بنیادی امور کی جانب خصوصی توجہ دلائی۔ انہوں نے توحید و سنت کی اہمیت، اعلیٰ اخلاق، معاملات میں دیانت و صداقت، دین سے مضبوط وابستگی اور اخلاصِ نیت جیسے موضوعات پر ایمان افروز گفتگو کی۔ ان کا خطاب علم، حکمت اور دعوتی بصیرت کا حسین امتزاج تھا جس سے حاضرین نے بھرپور استفادہ کیا۔

ممتاز کاروباری شخصیت مرزا احمد بیگ کیطرف سے منعقدہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین مولانا عبدالمنان راسخ نے نہایت مؤثر اور فکر انگیز انداز میں حاضرین کو نصیحت فرمائی اور کہا کہ اخلاص اور خیر خواہی ہی کامیابی کی چابی ہے اس پر عمل پیرا ہو کر آگے بڑھا جا سکتا ہے، انہوں نے امتِ مسلمہ کو درپیش غفلت، تساہل اور دینی کمزوریوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ مسلمان اپنی زندگیوں میں دین کے عملی تقاضوں کو زندہ کریں اور اللہ تعالیٰ سے اپنے تعلق کو مضبوط بنائیں۔

مرزا احمد بیگ نے کہا کہ یہ محفل والوں کی خوش بختی ہے کہ اتنی تعداد میں علماء کرام اس محفل میں موجود ہیں جو نہ صرف خیر و برکت بلکہ روحانی سکون کا بھی باعث ہیں اور انکے ارشادات نے نہ صرف محفل کو گرمایا بلکہ ایک روحانی وجد بھی طاری کیا، اس اجتماع کی رونق ممتاز اہلِ علم و دعوت شخصیات،، مولانا عبدالمنان راسخ، سید عتیق الرحمن شاہ، شہاب مدنی، ڈاکٹر عبید الرحمن شاہین، عبدالرب صاحب اور ان کے دیگر رفقاء تھے، جو فریضۂ حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد یہاں تشریف لائے تھے۔

اس علمی محفل میں متعدد علمی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔ محفل کی نظامت کے فرائض شیخ عبد القیوم سلفی نے نہایت خوش اسلوبی، وقار اور مہارت کے ساتھ انجام دیے ، یہ روح پرور اور ایمان افروز نشست ایک شاندار ظہرانے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

error: