Advertisement

معروف ادبی تنظیم تخیل کے زیرِاہتمام ایک ادبی نشست کا انعقاد

سعودی عرب میں اردو زبان و ادب کی ترویج و ترقی کے لیے کوشاں معروف ادبی تنظیم تخیل کے زیرِ اہتمام تخیل مرکز الریاض میں ایک ادبی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کے معروف شعراء اور علمی شخصیات نے شرکت کی۔
یہ خصوصی نشست پاکستان کے مایہ ناز شاعر ناز خیالوی کی کتاب ’لہو کے پھول‘ کے تنقیدی جائزے کے لئے منعقد کی گئی جس میں ناز خیالوی کی شخصیت، فن اور اسلوب پر ماہرین شعر و ادب نے سیرحاصل گفتگو کی، اس موقع پر ناظم نشست اور تخیل کے جنرل سیکرٹری نے ناز خیالوی کے مجموعی اسلوب پر اپنا مقالہ پیش کیا، معروف شاعر شاہد خیالوی نے ان کی شخصیت کے مختلف پہلووں کا ان کی شاعری پر اثر کے حوالے سے اپنا مضمون پیش کیا۔
سرپرست اعلیٰ تخیل اور معروف شاعر منصور محبوب نےناز خیالوی کی شاعری کے فنی محاسن اور مجموعہ کلام پر ادراکی ادبی تنقید پر مقالہ پڑھا، بعد ازاں معروف شاعر یوسف علی یوسف نے ناز خیالوی کی شاعری میں جمالیاتی اسلوب، استعارات اور تشبیہات پر سیر حاصل گفتگو کی، آخر میں صدر مجلس معروف ماہرِ تعلیم پروفیسر گوہر رفیق نے شاعر کے خصوصی کلام ’تم اک گورکھ دھندہ ہو‘ میں فلسفیانہ اسلوب، مجاز اور حقیقت میں تفاوت اور تشبیہات کے حوالے سے شاعر کے کلام پر اپنا خیالات کا اظہار کیا۔
نشست کے دوسرے حصے میں محفل شعر و سخن کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت معروف شاعر یوسف علی یوسف نے کی اور اس موقع پر معروف شعراء اکرام عظمت اللہ بھٹہ، امین ارشد، عثمان منور، شاہد ریاض، یاسر یونس، پیر اسد کمال، منظر ہمدانی، فیصل اکرم گیلانی، شاہد خیالوی، صابر امانی، سلیم کاوش اور تخیل کے سرپرست اعلی منصور محبوب نے اپنے خوبصورت کلام سے سامعین کی سماعتوں کو لطف اندوز کیا اور خوب داد سمیٹی، اس نشست میں معروف شاعر محسن رضا نے پرتگال سے آن لائن نشست میں شمولیت اخیتار کی اور اپنے تازہ کلام سے سامعین سے خوب داد سمیٹی۔

error: