ریاض میں تین ممتاز پاکستانی شخصیات کو تمغۂ امتیاز سے نوازا گیا۔ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی قومی، سماجی، پیشہ ورانہ اور فلاحی خدمات کے اعتراف میں سفارتخانۂ پاکستان ریاض میں ایک باوقار خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر اسد رومی، ابرار تنولی اور ڈاکٹر مجید خان کو ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں صدارتی سول ایوارڈ ’’تمغۂ امتیاز‘‘ سے نوازا گیا۔ تقریب میں سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے تینوں شخصیات کو تمغۂ امتیاز پیش کیا۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے نمائندگان، سماجی و کاروباری شخصیات اور معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ڈاکٹر اسد رومی پاکستان ڈاکٹرز گروپ کے سابق صدر اور معروف سماجی شخصیت ہیں، جنہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے لیے طبی، سماجی اور فلاحی شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ ابرار تنولی پاکستان حج رضاکار گروپ کے آرگنائزر اور معروف سماجی کارکن ہیں، جنہوں نے حجاجِ کرام کی معاونت اور پاکستانی کمیونٹی کی خدمت میں اہم کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر مجید خان معروف ہارٹیکلچر پروفیشنل ہیں، جنہوں نے سعودی عرب کے ثقافتی اور ہارٹیکلچر شعبوں میں تقریباً 50 سال خدمات انجام دیں۔ ہارٹیکلچر، ثقافتی امور اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے میدان میں ان کی طویل خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ اس موقع پر سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ حکومتِ پاکستان بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اسد رومی، ابرار تنولی اور ڈاکٹر مجید خان کی خدمات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، اور تمغۂ امتیاز ان کی قومی، سماجی اور پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف ہے۔ شرکاء نے تینوں معزز شخصیات کو صدارتی سول ایوارڈ ’’تمغۂ امتیاز‘‘ ملنے پر مبارکباد پیش کی ۔
ریاض: 3 پاکستانیوں کے لیے تمغہ امتیاز
















