عدیل سلیم جملانہ
شہرکراچی کے ادبی حلقوں کو ہمیشہ سے ہی ملک بھر میں نمایاں مقام حاصل رہا ہے۔ مختلف النوح ادبی پروگراموں کے ساتھ ساتھ کثیرالقومی مُشاعروں کے متواترانعقاد نے کراچی کے لئے ملک بھر کے ادیبوں اور شعراء کرام میں ایک کشش پیدا کر دی ہے۔ نمائش گراؤنڈ کے مُشاعروں سے لے کر سادات امروہہ کے مُشاعروں تک اورروزنامہ ڈان کے مُشاعروں سے عالمی مُشاعروں تک ایک درخشاں سفر ہے جو اس شہر نے اردو زبان کی آبیاری کے ضمن میں طے کیا ہے۔
گزشتہ ایک دہائی سے بزمِ شعروسُخن کے لگاتار چھوٹے بڑے مُشاعروں نے شہرکراچی کی ادبی فضا میں چارچاند لگا دیئے ہیں۔
بزم شعروسُخن سالانہ ایک مرکزی مُشاعرہ اور سال بھر چھوٹے بڑے مُشاعرے اورشعری نشستیں منعقد کرتی رہتی ہے۔ اسی سلسلے میں 30 اپریل بروز بدھ ایک عید ملن مُشاعرہ بزم شعروسُخن کے صدرجناب طارق جمیل کی رہائش گاہ میں قائم ایوان جمیل الرحمٰن میں معروف ادبی شخصیت جناب تاجدارعادل کی صدارت میں منعقد کیا گیا۔ مُشاعرے کے مہمانان خصوصی جناب سلمان صدیقی اورجناب خالد میر تھے جو کسی تعارف کے محتاج نہیں۔
بزم شعروسُخن کے مُشاعروں کی ایک خاصیت وقت کی پابندی بھی ہے، مُشاعرہ کا وقت پرشروع اوروقت پرختم ہونے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے یہ مُشاعرہ بھی دیئے گئے وقت کے مطابق شروع ہوا۔
مُشاعرے سے قبل شرکاء کی تواضع کیلئے میزبان جناب طارق جمیل کی طرف سے ایک پُرتکلف عشائیہ دیا گیا۔ یہ بھی بزم شعروسُخن کی مخصوص روایت ہے۔ مُشاعرے کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جناب عبداللہ شعیب باڑی نے تلاوت کی اورجناب شرجیل شعیب باڑی نے ترجمہ پیش کیا۔ بزم کے صدرجناب طارق جمیل اورمعتمد عمومی جناب اقبال آسی نے ابتدائی کلمات کے ساتھ شرکاء کو خوش آمدید کہا اورجناب نوید شیخ کی نظامت میں مُشاعرہ شروع ہوا۔
مُشاعروں کی روایت کے تحت ناظم نے پہلے اپنا کلام پیش کیا۔ اس مُشاعرے کی ایک خاصیت یہ بھی تھی کہ اس میں صرف بزمِ شعروسخن کے واٹس ایپ گروپ میں شامل شعراء کرام کو کلام پیش کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ اس طرح یہ ایک طرح سے بزمِ شعروسُخن کا اپنے گھرکا مُشاعرہ تھا۔
ان شعراء کرام میں جناب نعمان جعفری، جناب نجیب ایوبی، جناب اقبال برما، جناب جنید حسن جنیدی، جناب عبدالرحمان مومن، جناب عامر شیخ، جناب احمد سعید، جناب ڈاکٹر رانا خالد محمود، جناب محمد علی سوز،جناب عطا تبسم، جناب خالد پرویز اورجناب خلیل اللہ فاروقی شامل تھے جنھوں نے اپنا اپنا کلام سُنا کر سامعین سے خوب داد سمیٹی۔
پروگرام کے دوران جناب ظفرعالم طلعت اورجناب احمد سعید نے صدرمُشاعرہ اور مہمانان گرامی کو اپنی کتابیں پیش کیں۔
مُشاعرے کے اگلے حصے کی نظامت بزم شعروسُخن کے سابقہ معتمد عمومی جناب عبید ہاشمی نے اپنے ہلکے پھلکے مخصوص انداز میں کرتے ہوئے مُشاعرے کو عروج پرپہنچا دیا۔
آخرمیں صدرجناب طارق جمیل نے اس شاندار مُشاعرے کے انعقاد پربزم کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اوراعلان کیا کہ بزمِ شعروسُخن کا آٹھواں سالانہ مُشاعرہ امسال نومبرمیں منعقد کیا جائے گا ان شاءاللہ۔
حسب روایت شعراء کرام کو تحائف پیش کئے گئے۔ اس طرح یہ شاندار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔
بزم شعر و سخن کا عید مِلن مُشاعرہ 30اپریل 2025۔ احوال اورتصویری جھلکیاں
