پاکستان ایمبیسی کے زیرِ اہتمام ’نیچرز ونڈرز: ہمالیہ سے کیپاڈوشیا تک‘ کے موضوع پر منعقدہ چغتائی آرٹ ایوارڈز 2026 کی تقریبِ تقسیمِ انعامات انقرہ کے تاریخی شہر چورم میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر یوسف جنید، پاکستان کے سفیر برائے ترکیہ تھے، جبکہ علی چاغان (گورنر چورم)، خلیل ابراہیم آشقن (میئر چورم) اور جمیل چاغلار بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ چورم گورنریٹ، پاکستانی سفارت خانہ، ترک وزارتِ تعلیم کے نمائندگان، طلبہ، اساتذہ اور میڈیا کے افراد کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
اپنے خطاب میں سفیر پاکستان ڈاکٹر یوسف جنید نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے اس سال کے موضوع کو دونوں ممالک کے قدرتی اور ثقافتی حسن کی عکاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تھیم پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کی علامت ہے۔ انہوں نے نوجوان فنکاروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آرٹ ایک عالمی زبان ہے جو قوموں کے درمیان ہم آہنگی اور روابط کو مضبوط بناتی ہے۔
گورنر چورم علی چاغان نے اپنے خطاب میں پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے ثقافتی سرگرمیوں اور نوجوانوں کی شمولیت کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
میئر چورم خلیل ابراہیم آشقن نے شہر کے ثقافتی ورثے اور بین الاقوامی تعاون کے لیے اس کی کشادگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ چغتائی آرٹ ایوارڈز جیسے اقدامات نہ صرف فن کو فروغ دیتے ہیں بلکہ نوجوان نسل کے ذریعے ممالک کے درمیان دوستی کو بھی مستحکم کرتے ہیں۔
مقابلے میں پہلی پوزیشن نہیر آیلان (چورم فائن آرٹس ہائی اسکول) نے حاصل کی، جبکہ دوسری پوزیشن ایرم دوکباش کے نام رہی۔ اوزیجدیر سوشل سائنسز ہائی اسکول کی طالبہ ایلف بیرا یلدرم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ایمرجنگ آرٹسٹ کیٹیگری میں بطلحان کویون (اتاترک اناطولیہ ہائی اسکول)، جیلین کیوان (شہید عبداللہ طیب اولچوک اناطولیہ ہائی اسکول) اور ایجے کائنک (انونو اناطولیہ ہائی اسکول) کو اعزازات سے نوازا گیا۔
اسی طرح اعزازی اسناد سامت سائیگن (ایتی اناطولیہ لائسی)، گوزدے کایائر (سنگرلو حیدر اوزتاش اناطولیہ ہائی اسکول) اور بیرو یاغمور ارتاشمش (جمہوریہ اناطولیہ ہائی اسکول) کو دی گئیں۔
یہ ایوارڈز معروف پاکستانی مصور عبدالرحمان چغتائی کے نام سے منسوب ہیں، اور پاکستان کا سفارتخانہ ترکیہ میں 2011 سے باقاعدگی سے ان کا انعقاد کر رہا ہے۔
اس سے قبل یہ مقابلہ انقرہ، قونیہ، برصہ، بتلیس، آدانا، ازمیر اور استنبول سمیت مختلف شہروں میں منعقد ہو چکا ہے، جو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے فروغ کا ایک مؤثر ذریعہ بن چکا ہے۔
چغتائی آرٹ ایوارڈز 2026 کی تقریب ِ تقسیم ِ انعامات چورم میں منعقد
















